(ویب ڈیسک) بالی ووڈ سپرسٹار سلمان خان نے او ٹی ٹی پر سنسرشپ پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "میں واقعی سوچتا ہوں کہ او ٹی ٹی میڈیم پر سنسر شپ ہونی چاہیے"۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں بالی ووڈ دبنگ سلمان خان نے اپنے ایک بیان میں آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم پر سنسر شپ کی حمایت میں بات کرتے ہوئے کہا کہ" او ٹی ٹی پر "فحاشی، عریانی اور گالم گلو" کو روکنے کی ضرورت ہے،میں واقعی سوچتا ہوں کہ او ٹی ٹی میڈیم پر سنسر شپ ہونی چاہیے۔اب 15-16 سال کا بچے بھی پڑھنے کے بہانے یہ سب فون پر دیکھ سکتے ہیں۔ کیا آپ کو اچھا لگے گا کہ آپکی چھوٹی سی بیٹی یہ سب دیکھے؟ کیا آپ اسے پسند کریں گے کہ آپ کی جوان بیٹی پراجیکٹ کا بہانہ بنا کر اس ڈیوائس کو استعمال کرے"۔
سلمان خان نے کہا کہ "میرا خیال ہے کہ او ٹی ٹی پر مواد کو لازمی چیک کیا جانا چاہیے، جتنا صاف مواد ہوگا، یہ بہتر ہوگا اور ناظرین کی تعداد بھی زیادہ ہوگی۔ آپ نے سب کچھ کر لیا، سب دکھا دیا پیار کرنا، بوسہ دینا، سب ایکسپوز کر لیا اور اب آپ اپنی بلڈنگ میں گھس رہے ہیں اور آپ کا چوکیدار بھی آپ کا یہ کام دیکھ رہا ہے میں یہ صحیح نہیں سمجھتا"۔
بالی ووڈ کے ٹائیگر نے کہا کہ "ہمیں ایسا کرنے کی ضرورت نہیں ہے ہم ہندوستان میں رہتے ہیں تھوڑا بہت ٹھیک ہے مگر گزشتہ دنوں او ٹی ٹی پر نامناسب مواد بہت زیادہ بڑھ گیا تھا اب تھوڑا کنٹرول میں آیا ہے اب لوگوں نے بہت اچھے اور مہذب مواد پر کام شروع کر دیا ہے"۔
یاد رہے کہ چند روز قبل او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلیکس پر مادھوری دکشت اور ایشوریا رائے کیلئے نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر معروف مصنف و سوشل ایکٹیوسٹ متھون وجے کمار نے نیٹ فلیکس کو قانونی نوٹس بھیج دیا تھا ، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر نیٹ فلکس نے اس قسط کو اپنے پلیٹ فارم سے نہیں ہٹایا تو قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سلمان خان جلد اپنی فلم "کسی کا بھائی کسی کی جان" سے ایک مرتبہ پھر پڑے پردے پر جلوہ گر ہوں گے۔