(بابر شہزاد تُرک) وفاقی بیورو کریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے کئے گئے ہیں،وفاقی حکومت نے اتوار کی سرکاری تعطیل کے روز غیر معمولی طور پر صحت اور تعلیم کی اہم وزارتوں کے سیکریٹری تبدیل کر دیئے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق وفاقی سیکریٹری تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محی الدین وانی کو تبدیل کر کے وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ ڈویژن تعینات کیا گیا ہے، سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ ڈویژن کا عہدہ گزشتہ ماہ 31مارچ کو ظہور احمد کی ریٹائرمنٹ سے خالی ہوا تھا۔
دریں اثناء وفاقی سیکریٹری وزارتِ صحت ندیم محبوب کو تبدیل کرکے نیا سیکریٹری وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت تعینات کیا گیا ہے، گریڈ 22 کے دونوں افسران کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے وابستہ ذرائع کے مطابق نئے سیکریٹری صحت کی تعیناتی وفاقی وزیرِ صحت کی مشاورت سے جلد کی جائے گی۔