مسلم لیگ ن کے ایم پی اے چودھری ارشد جاوید وڑائچ انتقال کرگئے،وزیراعظم کا اظہار افسوس

Stay tuned with 24 News HD Android App

(میاں محمد اشفاق)سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے قریبی ساتھی ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب ایم پی اے pp 52چوہدری ارشد جاوید وڑائچ حرکت قلب بند ہونے پر وفات پا گئے ،وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا۔
چوہدری ارشد جاوید وڑائچ سمبڑیال کے حلقہ پی پی 52 سے کامیاب ہو کر ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ اس وقت صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی ذمہ داریاں بھی سر انجام دے رہے تھے۔مسلسل تین دفعہ مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے کامیاب ہونے والے چوہدری ارشد جاوید ورائچ پہلی مرتبہ 2013 میں ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے،ارشد جاوید وڑائچ میاں محمد نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں تصور کیے جاتے تھے۔
نماز جنازہ میں خواجہ محمد آصف وفاقی وزیر ، ملک محمد احمد سپیکر صوبائی اسمبلی، خرم دستگیر سابق وفاقی وزیر ، ارمغان سبحانی، طارق سبحانی، چوہدری امیر حسین ، سابق سپیکر قومی اسمبلی ، منشاء اللہ بٹ صوبائی وزیر ، میاں اکرام، رانا عارف ہرناہ، رانا فیاض ، رانا شمیم اور سیاسی سماجی کاروباری شخصیت سمیت حلقہ کی عوام کثیر تعداد میں موجود تھی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے مرحوم ارشد جاوید وڑائچ کی بیٹی اور سابق چیئر پرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حنا ارشد سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے تعزیت کا اظہارکیا ہے۔
وزیراعظم نے مرحوم کی بلندی درجات کی دعا کی اور کہا کہ مرحوم کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ارشد جاوید وڑائچ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے سوگوار خاندان سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے چوہدری ارشد جاویدوڑائچ مرحوم کی سیاسی خدمات کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں : قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کو 18 اپریل تک جاری رکھنے کا فیصلہ