(24 نیوز)او آئی سی کے آزادمستقل انسانی حقوق کمیشن کے وفد نے ایل او سی کا دورہ کیا،چری کوٹ سیکٹر پہنچنے پر وفد کو سکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق وفد کو شہری آبادی کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیاگیا،وفد کو دشمن کی فائرنگ سے آبادی کے تحفظ کیلئے بنکرز کی تعمیر بارے بھی بتایا گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق او آئی سی وفد نے فائر بندی کی خلاف ورزی سے متاثرہ افراد سے بھی ملاقات کی ،وفد نے دیہی دفاعی کمیٹیوں اور شہری انتظامیہ سے بھی ملاقاتیں کیں ،وفد نے زمینی حقائق سے آگاہی میں تعاون پر پاک آرمی کا شکریہ ادا کیا۔
او آئی سی وفد کاکہناتھا کہ لائن آف کنٹرول پر صورتحال کا حقیقی ادراک کرنے میں بہت مدد ملی ۔
متاثرہ کشمیری خاندانوں سے ملاقات پر ملائیشین رکن نے کہاکہ بھارتی حکومت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیاں بالکل حقیقت ہیں ، محمد احمد اعظم نے کہاکہ بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کی ہلاکتوں اور مشکلات کو دنیا کے سامنے اجاگر کیاجائے۔
مراکشی رکن حافظ الہاشمی نے کہا کہ کشمیریوں کی آوازجہاں تک ہو سکادنیا بھر میں پہنچائیں گے،کشمیریوں کو انصاف ملے گا،انہوں نے کہاکہ اپنا حق خودارادیت بھی ضرور استعمال کریں گے ، سرحد کے اس پارموجود کشمیریوں سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔
اماراتی کن ڈاکٹر سعید محمد عبداللہ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارت کا فیصلہ انتہائی خطرناک ہے،فیصلہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔
ترک رکن ڈاکٹرحاجی علی سکگل نے کہاکہ بھارتی غیرقانونی زیرقبضہ جموں کشمیر میں دردناک واقعات رونما ہو رہے ہیں،یواین سلامتی کونسل میں استصواب رائے کی قرارداد موجود ہے، بھارت70 سال سے مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کی میزپر نہیں بیٹھا۔
آذری رکن نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: طالبان کو افغانستان میں تشدد ختم کرنا ہو گا۔امریکا