بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ذہنی تناؤ کے باعث خودکشی کی کوشش کی تھی۔ دیپیکا نے بتایا کہ انہوں نے کس طرح ذہنی تناؤ کی وجہ سے خودکشی کرنے کوشش کی اور وہ اس سے کیسے نکلیں۔
تفصیلات کے مطابق دیپیکا نے بتایا کہ وہ اپنی فیلڈ میں سب سے آگے تھیں اور سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا، لیکن ان کی زندگی میں ایک خالی پن تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی وجہ نہیں تھی کہ وہ ایسا کیوں محسوس کر رہی تھیں، لیکن بغیر کسی وجہ کے وہ ڈپریشن کا شکار ہوجاتی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ نیند کو اس حالت سے فرار کا زریعہ سمجھتی تھیں، لیکن بنا کسی وجہ کے بار بار نیند سے بھی بیدار ہونے لگی تھیں۔
بعض اوقات انہوں نے خودکشی کی کوشش بھی کی۔
یہ بتاتے ہوئے کہ ان کے چاہنے والوں نے ان مشکل اوقات میں انہیں کیسے بچایا، دیپیکا نے کہا کہ ان کے والدین بنگلور میں رہتے ہیں اور جب بھی وہ ان سے ملنے آتے دیپیکا ظاہر کرتیں کہ وہ ٹھیک ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کی ماں نے سب سے پہلے ان سے اس حالت کے بارے میں سوالات کیے تھے۔
دیپیکا کی والدہ نے جب ان سے معمول کے مطابق صحت کے سوالات پوچھے تو اس وقت دیپیکا کے پاس کسی بھی سوال کا کوئی جواب نہیں تھا، کیونکہ انہیں ایسا کوئی مسئلہ نہیں تھا لیکن وہ خود میں ایک خالی پن محسوس کر رہی تھیں۔ان کی والدہ نے پریشانی جاننے کے بعد ان کی مدد کی۔
یاد رہے کہ دیپیکا پڈوکون بالی ووڈ انڈسٹری میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ ہیں، اداکار رنویر سنگھ سے شادی کے بعد بھی انہوں نے اداکاری پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔