(مانیٹرنگ ڈیسک)بڑی تعداد میں سیاحوں نے مری کا رخ کر لیا ۔ ضلعی انتظامیہ نے ہوٹل بکنگ کے بغیر آنے والے سیاحوں کو 17 میل ٹول پلازہ سے واپس بھیجنا شروع کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے شہریوں سے ہوٹل بکنگ کے بغیر مری کا سفر کرنے سے گریز کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کی بڑی تعداد مری آنے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔مال روڈ، بھوربن، گھڑیال، جھیکا گلی سمیت مختلف شاہراہوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں جس سے ٹریفک کی رفتار انتہائی سست ہو گئی ہے۔
دوسری جانب سی پی او سید شہزاد ندیم نے مری میں سیاحوں کے رش کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کی ہدایت کردی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی نے بھی سیاحوں کی جانب سے بڑی تعداد میں مری کا رخ کرنے پر انتظامیہ کو مری میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کا حکم جاری کردیا، وزیراعلیٰ نے کمشنر راولپنڈی اور آرپی او راولپنڈی کو ہدایات کی ہیں کہ مری میں ٹریفک رواں رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:ممنوعہ فنڈنگ میں جو تعاون نہیں کرے گا گرفتار کریں گے ، رانا ثنا اللہ