نگران وزیراعظم کی دوڑ میں کون کون شامل؟مزید نام سامنے آگئے

Aug 07, 2023 | 11:20:AM

(ویب ڈیسک)چند دنوں بعد قومی اسمبلی کی مدت پوری ہورہی ہے،ساتھ ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے خاتمے کا وقت بھی آن پہنچا ہے،وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس وقت نگران سیٹ اپ کیلئے مشاورت  میں مصروف ہیں ۔اس حوالے سے مختلف نام سامنے آئے ہیں ،یہ نام کون کون سے ہیں؟

نگران وزیراعظم کے لیے سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ  اور سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کا نام بھی شارٹ لسٹ ہونے والوں میں شامل ہے۔یہ بات  وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔کہتے ہیں کہ نگران  وزیراعظم کے لیے شارٹ لسٹ ہونے والوں میں اسحاق ڈار  اور  شاہد خاقان عباسی کا نام شامل نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیرخزانہ حفیظ شیخ اور سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کا نام شارٹ لسٹ ہونے والوں میں شامل ہے، منگل یا بدھ تک نگران وزیراعظم کے نام کا فیصلہ ہوجائےگا۔

ضرور پڑھیں:الیکشن کرانے کے 4 مواقع ملے ،چیئرمین پی ٹی آئی نہیں مانے:پرویز خٹک

یاد رہےکہ حفیظ شیخ تحریک انصاف کے دور حکومت میں سابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ اور پھر وفاقی وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں، وہ  سینیٹ میں اسلام آباد کی نشست سے تحریک انصاف کے امیدوار  بھی رہے، انہیں پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں شکست ہوئی تھی۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہےکہ نگران وزیراعظم کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمودکا نام بھی زیر غور ہے۔ مخدوم احمد محمود، شاہد خاقان عباسی اور  حفیظ شیخ کےناموں پر مشاورت جاری ہے۔ نگران وزیراعظم کے لیے اسلم بھوتانی اور فواد حسن فواد کے نام بھی سامنے آرہے ہیں۔

 خیال رہےکہ وزیراعظم شہباز شریف نے 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنےکی تاریخ دی ہے۔موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کی رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے۔

مزیدخبریں