(حسن علی) نارووال سے سابق ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو گئے۔
نارووال سے تعلق رکھنے والے میاں عثمان رشید اور چوہدری سجاد مہیس سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر عون چوہدری ، نعمان لنگڑیال ، مراد راس، رانا نذیر و دیگر آئی پی پی قائدین بھی موجود تھے۔ میاں عثمان رشید اور چوہدری سجاد مہیس نے جہانگیر ترین سے ملاقات کے بعد استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن نے حکومت سے بڑے مطالبات کر دیئے
میاں عثمان رشید کے والد میاں رشید نارووال سے رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں، میاں عثمان رشید اپنے گروپ کے ہمراہ استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوئے ہیں، استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والے چوہدری سجاد مہیس بھی نارووال سے سابق ٹکٹ ہولڈر ہیں۔
اس موقع پر سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ نارووال سے بڑے سیاسی گروپ کو آئی پی پی میں خوش آمدید کہتا ہوں، عام آدمی کی خوشحالی کے لیے بہترین پالیسیاں تشکیل دیں گے، ہم نے عام آدمی کے ریلیف کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا منشور تیار کیا ہے۔