مخصوص نشستوں کا معاملہ, الیکشن کمیشن کا سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

Aug 07, 2024 | 12:09:PM

(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دینے کے سپریم کورٹ کے حکم کیخلاف الیکشن کمیشن نے نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

 ذرائع کے مطابق  الیکشن کمیشن نے قانونی ٹیم کو نظر ثانی اپیل کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے، الیکشن کمیشن آئندہ ایک سے دو روز میں سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرے گا، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، اپنے اختیارات کا سپریم کورٹ میں دفاع کرے گا، کمیشن آزاد ارکان کو 15 دن کا وقت دینے پر اعتراض عائد کرے گا۔

ذرائع کمیشن کے مطابق آئین میں آزاد امیدواروں کو 3 دن دیئے گئے ہیں جبکہ سپریم کورٹ نے فیصلے میں 15 دن کا وقت دیا، ریٹرننگ افسروں کو پارٹی ٹکٹ جمع نہ کرانے والے امیدوار کیسے تحریک انصاف کے ہو سکتے ہیں؟ صرف کاغذات نامزدگی میں تحریک انصاف لکھنے سے کوئی پارٹی کا امیدوار نہیں ہو سکتا، سپریم کورٹ کے فیصلے میں ابہام بھی اپیل کا حصہ ہو گا۔

 ذرائع کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی دستخط اتھارٹی سے متعلق ابہام دور کرنے کیلئے پہلے ہی سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے تاہم سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے ابہام پر تاحال کوئی جواب نہیں دیا، الیکشن کمیشن نے آزاد اراکین کے بیان حلفی اور پارٹی وابستگی فارم کی اسکروٹنی بھی شروع کر دی ہے، اسپیشل سیکریٹری کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی اسکروٹنی کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق آزاد ارکان کے کاغذات نامزدگی اور بیان حلفی کے دستخط کا جائزہ لیا جائے گا، ضرورت پڑنے پر کمیٹی آزاد ارکان کو بیان حلفی کی تصدیق کیلئے طلب کرے گی۔

خیال رہے کہ 12 جولائی سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس میں پشاور ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دے دیا تھا۔

مزیدخبریں