وفاقی سیکریٹری برائے توانائی راشد محمود لنگڑیال چیئرمین ایف بی آرتعینات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد ترک )حکومت نے وفاقی سیکریٹری برائے توانائی راشد محمود لنگڑیال کو چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) تعینات کر دیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے راشد محمود لنگڑیال کی بطور چئیرمین ایف بی آر تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے ، نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 21 کے راشد محمود لنگڑیال کی تعیناتی سول سرونٹس ایکٹ 1973 کے سیکشن 10 کے تحت کی گئی ہے، وفاقی حکومت نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ملک امجد زبیر ٹوانہ کا تبادلہ کر کے اُن کی خدمات پیرنٹ ڈیپارٹمنٹ ایف بی آر کو واپس کر دی ہیں، خیال رہے کہ ملک امجد زبیر ٹوانہ کی جانب سے چیئرمین ایف بی آر کے عہدے سے قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی درخواست کے بعد وفاقی حکومت کو ایف بی آر جیسے اہم ادارے پر سربراہی کی تعیناتی کا معاملہ درپیش تھا، ملک امجد زبیر ٹوانہ نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بعد 31 جولائی کو عہدے سے سبکدوشی کے لیے حکومت کو 2 ہفتوں کا نوٹس دے دیا تھا، ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 21 کے افسر ملک امجد زبیر ٹوانہ کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ اگلے سال 25 فروری تھی تاہم انہوں نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرتے ہوئے حکومت کو تحریری مراسلہ بھجوایا تھا۔