سینیٹر عرفان صدیقی کا عمران خان کے 9 مئی کی مشروط معافی کے بیان پر ردعمل

Aug 07, 2024 | 23:10:PM

(24نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کا 9مئی کے مشروط معافی کے بیان پر سینیٹر عرفان صدیقی کا جواب بھی سامنے آگیا۔ 

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر اور قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے سربراہ سینیٹر عرفاں صدیقی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے "مشروط معافی" کے بیان کے پیچھے گہرے درجے کی مایوسی، فرسٹریشن اور دروازے بند ہونے کی علامت ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ایک ایک کر کے اپنے تمام کارڈز کھیل چکے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی  5 اگست کو اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کی کال کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جیل میں ایک سال ہونے پر وہ عوام کا سمندر نکلنے کی امید لگائے بیٹھے تھے، پوری قوم نے دیکھ لیا کہ کتنے لوگ نکلے، اس شو کے فلاپ ہونے سے بانی پی ٹی آئی کی مایوسی میں اضافہ ہوا،سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی تمام حربے اختیار کر چکے، پہلے کہتے تھے کہ9 مئی سے میرا تعلق نہیں اور آئی ایس پی آر معافی مانگے، اب خود معافیاں مانگ رہے ہیں۔

 آئی ایس پی آر نے 9 مئی کے بعد اپنے افسران کا محاسبہ کیا،انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ریکارڈ ہے کہ ان کی طرف سے ہمیشہ پُرامن احتجاج کے نام پر آگ لگائی گئی، پارلیمنٹ آف پاکستان پر حملہ، وزیراعظم ہاؤس پر حملہ، سرکاری ٹی وی میں توڑ پھوڑ، قبضہ اور مشنری کو آگ لگانا یہ سب پاکستانی قوم کے ذہنوں میں نقش ہے،9مئی کو جو ہوا وہ اسی ماضی کے واقعات پر کھلی چھوٹ دیئے جانے کا نتیجہ تھا،لہٰذا ان کا خود کو پر امن قرار دینا ملک و قوم اور ریاستی اداروں کے خلاف جرائم سے بھاگنے کی کوشش کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ان کے بانی پی ٹی آئی کا نو مئی کے واقعات پر مشروط معافی کا بیان اس بات کی علامت ہے کہ وہ تمام کارڈز کھیل چکے اور مطلوبہ نتائج نہ ملنے پر مایوسی، فرسٹریشن کا شکار ہیں اور اس بات کا ادراک کر چکے ہیں کہ رعائت ملنے کے تمام دروازے بند ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے سانحہ 9مئی پرمشروط معافی مانگنے کا اعلان کر دیا 

مزیدخبریں