کراٹے کا مظاہرہ برائیلر مرغیوں کےلئے تھا،فردوس عاشق

Dec 07, 2020 | 10:23:AM

(24نیوز)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان کا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے لاہور جلسے سے متعلق کہنا ہے کہ  پی ڈی ایم کا لاہورجلسہ توہین عدالت اورخلاف قانون ہے، جلسہ لاہور کی ترقی وخوشحالی پر خود کش حملے کے مترادف ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت جلسے کو طاقت سے نہیں قانون سے روکے گی، قانون کی خلاف ورزی ہوئی تو قانون کی عملداری یقینی بنائی جائے گی۔ انتظامیہ، جلسہ منتظمین سے مذاکرات میں مصروف ہے۔

انہوں نے اپنی وائرل ویڈیوز سے متعلق بات کرتے ہوئے  مزید کہا کہ کراٹے کا مظاہرہ زندگی میں پہلی بار کیا، کراٹے کا مظاہرہ برائیلر مرغیوں کےلئے تھا۔  ٹائلیں توڑنے سے پیغام تھا برائیلر مرغیاں دیسی غذائیں کھانے والوں کا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔

  ان کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت کورونا ایمرجنسی سے گزر رہے ہیں۔ دفاتر، مارکیٹیں، ریسٹورنٹس اور عوامی مقامات پر ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ جہاں کیسززیادہ وہاں اسمارٹ مائیکرولاک ڈاو¿ن ہوگا۔ کورونا ضابطہ کار کی خلاف ورزی پر سزائوں کی تجویز این سی او سی کو پیش کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت کورونا سے بچائو کے لئے اقدامات کر رہی ہے تو دوسری طرف بے روزگار سیاست دانوں کی فوج لوگوں کو کورونا کی بھٹی میں جھونک رہے ہیں۔ سیاسی آلودگی پھیلانے والے سن لیں، داتا کی نگری میں رسوائی آپ کا مقدر بننی ہے۔

معاون خصوصی نے مریم نواز شریف کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ راجکماری صاحبہ نے کنیزوں کے جھرمٹ میں حکومت کو دھمکیاں دیں۔ کھوکھلی تحریک کی ملتان میں موت واقع ہوئی، لاہور میں ان کے کے بیانیے کا جنازہ نکلتے نظر آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز، وزیراعظم کا استعفا مانگنے نکلی تھیں، انھیں اپنے استعفے دینے کا سفر مبارک ہو۔ مولانا فضل الرحمان نے ملتان میں اعلان کیا تھا کہ ہر جمعے کو تحریک چلایا کریں گے۔ پچھلے جمعے نمازیوں اور باشعور شہریوں نے ان کے بیانیے پر اوس ڈالدی۔

مزیدخبریں