سعودی عرب: کرونا ویکسین حاصل کرنیوالے اولین ممالک میں شامل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)سعودی وزیر صحت نے کورونا وائرس کی ویکسین کے حوالے سے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب ویکسین حاصل کرنے والے اولین ممالک میں سے ہوگا۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ سعودی عرب ان ممالک میں شامل ہے جو سب سے پہلے کورونا ویکسین حاصل کریں گے۔کورونا وائرس کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان وزارت صحت نے مزید بتایاہے کہ سعودی عرب نے ان اہم کمپنیوں سے معاہدے کر رکھے ہیں جو ویکسین پر کام کر رہی ہیں۔ڈاکٹر عبدالعالی نے مزید کہا کہ جلد ہی کورونا ویکسین لینے کے طریقہ کار کے بارے میں بھی اعلان کر دیا جائے گا۔
انہوں نےمزید بتایا کہ یہ ہماری اولین ترجیجات میں شامل ہے کہ اس بات کا مکمل اطمینان کر لیا جائے کہ حاصل کی جانے والی ویکسین کسی بھی قسم کے سائیڈ افیکٹ سے محفوظ ہو۔ ویکسین کے حوالے سے مکمل طور پر اطمینان کر لینے کے بعد ہی اس کے بارے میں تفصیلی اعلان کیا جائے گا۔مملکت میں کورونا وائرس کیسز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہےکہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ سعودی عرب کا شمار ان ممالک میں ہوگیا ہے جہاں کورونا وائرس کی وبا قابو میں ہے اور حالات تیزی سے بہتری کی جانب رواں دواں ہیں۔ایک سوال پر ترجمان نے مزید کہا کہ وزارت صحت نے جو احتیاطی تدابیر جاری کی ہیں ان پر اسی طرح عمل کیا جائے جیسا کہا گیا ہے کیونکہ احتیاط کے ذریعے ہی اب تک ہم نے اس وبا پر قابو پایا اور آئندہ بھی بہتر نتائج کے منتظر ہیں۔