(24 نیوز)مریم نواز کا عوامی رابطہ مہم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام نے لاہور کے جلسے کا آغاز آج سے ہی کر دیا ہے ۔جعلی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز کاوزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا تابعدار خان کل کہہ رہے تھے کہ لاہور کا جلسہ نہیں روکوں گا، انہیں پتہ تھا کہ لاہور کا جلسہ نہیں رکے گا۔پی ڈی ایم بڑے فیصلے کرنے جارہی ہے، 8 دسمبر کے اجلاس میں آر یا پار ہوگا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ وہ کہہ رہے تھے جلسہ نہیں روکوں گا مگر کرسیاں نہیں دیں گے، داروغہ والے کے کارکنوں کو کرسیوں کی ضرورت ہی نہیں ہے۔انہوں نے عوام سے پوچھا کہ یہ بتایئے جعلی حکومت روکے گی تو رک جائو گے؟ اگر مینار پاکستان میں جلسہ کی اجازت نہ ملی تو جلسہ کرو گے؟
نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ اگر ملتان میں جلسہ ہو سکتا ہے تو لاہور تو پھر لاہور ہے، لاہور نے قوم کو میاں نواز شریف جیسا بیٹا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے جلسے کو آخر میں اس لئے رکھا گیا کیونکہ یہ فیصلہ کن ہو گا، جعلی حکومت کے جانے کے دن گنے جا چکے، جعلی وزیراعظم کے گھر جانے کی باری بھی آ گئی، حکومت کو گھر بھجوانے کی ذمہ داری لاہور پر ڈالی ہے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن کے حکومت مخالف سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نے 13 دسمبر کو لاہور میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم حکومت پنجاب نے پی ڈی ایم کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔