یہ مجھے جانتے نہیں،احتساب پر سمجھوتہ نہیں کرونگا،عمران
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر دس جلسے کرلیں، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ یہ مجھے جانتے نہیں، میری حکومت بھی چلی جائے تو احتساب پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، اپوزیشن کرپشن بچانے کے لئے اب عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی و پارٹی ترجمان کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ،سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیگی قائد کی طرف اشارہ کر کے عمران خان نے کہا کہ خود ان کا سارا خاندان باہر بیٹھا ہے، یہاں عوام کو اپنے لئے استعمال کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم جلسہ نہیں روکیں گے، انکی خواہش ہے کہ حکومت جلسہ روکے، جلسے کو سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف مقدمات قائم کریں گے۔ اپوزیشن تصادم چاہتی ہے، تصادم کا موقع فراہم نہیں کریں گے۔انکو خوف ہے کہ حکومت چلتی رہی تو انکے کارنامے سامنے آتے رہیں گے، سارے ملکر زور لگا رہے ہیں کہ حکومت چلی جائے اور انکی چوری بچ جائے، کسی سیاسی یا قبضہ مافیا کو این آر او نہیں ملے گا۔
اجلاس کے دوران معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی فٹبال کک اور جوڈو کا بھی ذکر ہوا جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے دیکھا ہے کہ فردوس پنجاب جاکر بہت ایکٹو ہو گئی ہیں، تحریک انصاف (پی ٹی ا?ئی) کے لوگوں کو اسی جنون کی ضرورت ہے۔اجلاس میں لاہور میں سرکاری زمینوں پر قبضے کیخلاف جاری آپریشن پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر قبضے کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے، قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن ملک بھر میں تیز کریں گے۔