(24 نیوز)کم سن گھریلو ملازمہ کو شوہر کے ہمراہ تشدد کانشانہ بنانے والی خاتون کو 14 روز کےلئے جیل بھیج دیا گیا، عدالت نے ملزموں کے وکلا کے دلائل مسترد کرتے ہوئے خاتون سے تفتیش کرنے کا حکم دیا اور ملزم رانا منیر کی ضمانت کی دستاویزات طلب کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھاجاسکتا تھا کہ تھانہ مدینہ ٹاؤن کے علاقہ ایڈن ویلی ہاؤسنگ سوسائٹی کا صدر رانا منیر اپنی اہلیہ ثمینہ منیر کے ہمراہ کم سن گھریلو ملازمہ صدف کو تشدد کانشانہ بنارہا ہے جس پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو آفیسر ثمینہ نادر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا اور پولیس نے رانا منیر کو گرفتار کرلیا۔
ملزم رانا منیر کی اتوار کے روز ایک لاکھ روپے کے مچلکہ جات کے عوض ضمانت منظور کرلی گئی تھی جبکہ اتوار کی رات کو ہی پولیس نے ملزم کی اہلیہ ثمینہ بی بی کو گرفتار کرلیا جس کو مجسٹریٹ محمد نصراللہ وٹو کی عدالت میں پیش کیا گیا، فاضل عدالت نے خاتون کو 14 یوم کےلئے جیل بھیج دیا ۔
ملزمہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بچی پر تشدد ثابت نہیں ہوا اور نہ ہی بچی کا میڈیکولیگل ہے اور اسی مقدمہ میں گزشتہ روز ایک ملزم کی ضمانت منظور ہوچکی ہے اور ورثا بھی کارروائی سے گریزاں ہیں۔
چائلڈ پروٹیکشن کے وکیل نے کہا کہ پولیس نے خود بچی کا میڈیکل نہیں کروایا اور اس سے بیانات ڈرا دھمکا کر لئے جارہے ہیں جس پر فاضل عدالت نے ملزم رانا منیر کی ضمانت کی دستاویزات طلب کرتے ہوئے سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔
ملازمہ تشدد کیس، ملزمہ 14 روزہ ریمانڈ پر جیل منتقل
Dec 07, 2020 | 20:39:PM