(24 نیوز) معروف علمی دینی شخصیت مفتی زر ولی خان انتقال کر گئے، وہ 3 ماہ سے شدید علیل تھے اور کراچی کے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
تفصیلات کے مطابق مفتی زر ولی کی عمر 67 برس تھی، گزشتہ روز طبعیت کی ناسازی پر انھیں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن جاں بر نہ ہو سکے۔مولانا 1953 میں جہانگیرہ میں پیدا ہوئے۔علوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاﺅن گرومندر سے سند فراغت حاصل کی، اور مولانا یوسف بنوری، مولانا عبداللہ کاکا خیل جیسے اکابرین ان کے اساتذہ میں شامل تھے۔
1978 میں انھوں نے گلشن اقبال کراچی میں احسن العلوم کے نام سے مدرسہ قائم کیا، جہاں وہ پوری زندگی درس و تدریس میں مگن رہے۔مرحوم ہزاروں علما کے بھی استاد تھے، انھیں تفسیر و حدیث کے درس میں منفرد مقام حاصل تھا، ان سے استفادے کے لیے ملک بھر سے طلبہ آتے تھے۔
کئی کتب کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ وہ بہترین خطیب بھی تھے، جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مفتی نعمان نعیم سمیت دیگر مدارس دینیہ کے مہتممین نے ان کے انتقال پر افسوس و تعزیت کا اظہار کیا۔