(مانیٹرنگ ڈیسک) تیز رفتار ریل سالانہ تین کروڑ سے زائد مسافر وں کو ابوظہبی سے دبئی کا سفر محض 50 منٹ میں پہنچائے گی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے اتحاد ریل کے توسیعی منصوبے کے تحت ابوظہبی سے دبئی کا سفر صرف 50 منٹ کا ہوگیا جب کہ فجیرہ تک کا سفر صرف 100 منٹوں میں مکمل ہوجائے گا۔ ان ٹرینوں میں سفر کرنے والوں کی تعداد 36.5 ملین سالانہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔
یو اے ای کے ریلوے پروگرام کے 50 پراجیکٹس زیر تعمیر ہیں جن کا مقصد 2030 تک پوری ریاست میں پٹڑیوں کا جال بچھانا ہے جسے نہ صرف مسافروں بلکہ مال برداری کے بھی کام میں لایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا سے مزید 7 اموات، 232 نئے کیسز
متحدہ عرب امارات ریلوے کا یہ منصوبہ ترقیاتی اور اقتصادی منصوبوں کا ایک سلسلہ ہے جس کا مقصد سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک سے تجارتی مسابقت اور اقتصادی برتری برقرار رکھنے کی کوشش ہے۔
مستقبل میں یہ ریلوے ٹریک سعودی عرب کی سرحد پر واقع غویفت سے مشرقی ساحل پر فجیرہ کی بندرگاہ تک چلے گی اور متحدہ عرب امارات کے 11 اہم شہروں اور علاقوں کو بندرگاہ سے منسلک کردے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 7میں کرس گیل،ٹیمل ملز، تبریز شمسی سمیت کونسے اہم غیر ملکی کھلاڑی شامل؟ جانیے