بھارت چھوڑ کر عرب یا امریکا چلے جاؤ۔۔ آر ایس ایس کی فاروق عبداللہ کو دھمکی

Dec 07, 2021 | 18:57:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی انتہا پسند جماعت راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ ک(آر ایس ایس)کے سینئر لیڈر اندریش کمار  نے  نیشنل کانفرنس کے صدر اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کے اس بیان سے متعلق ان پر تنقید کی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کشمیر کے لوگوں کو اپنا حق واپس پانے کے لئے مظاہرین کسانوں کی طرح ’قربانی‘ دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ فاروق عبداللہ امن کی جگہ تشدد پسند کرتے ہیں۔ اندریش کمار نے یہ بھی کہا کہ اگر فاروق عبداللہ کو ہندوستان میں گھٹن محسوس ہوتی ہے تو انہیں اپنی پسند کی دنیا کے کسی دیگر حصے میں رہنے کے لئے ملک چھوڑ دینا چاہئے۔

بھارت کے نجی ٹی وی کے ویب رپورٹ کے مطابق آر ایس ایس لیڈر نے مرکز کے زیر انتظام ریاست کے لوگوں کے مبینہ استحصال کے خلاف قومی دارالحکومت دہلی میں احتجاجی مظاہرہ کرنے پر پی ڈی پی سربراہ اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی بھی تنقید کی اور کہا کہ ’جھوٹ بولنا ان کے لئے ایک فیشن بن گیا ہے‘۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیر کے دونوں لیڈروں کو ’اکسانے کی سیاست‘ بند کردینی چاہئے اور ملک کی اتحاد اور سالمیت کو بنائے رکھنے میں رکاوٹ بننا بند کردینا چاہئے۔ اندریش کمار نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں فاروق عبداللہ کے تبصرہ سے متعلق پوچھے جانے پر کہا، ’ان کا بیان واضح طور پر دکھاتا ہے کہ انہیں تشدد سے پیار ہے، امن سے نہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں:حریم شاہ کی کھانا کھاتے عجیب و غریب حرکتیں۔۔ویڈیو وائرل
آر ایس ایس لیڈر نے کہا فاروق عبداللہ نے پہلے کہا تھا کہ کشمیر کی خصوصی ریاست کا درجہ بحال کرنے کے لئے چین کی مدد لی جائے گی۔ کیا ہم اسے قبول کریں گے؟ یہ بکواس ہے۔ اگر انہیں یہاں گھٹن محسوس ہوتی ہے، تو وہ جہاں چاہیں عرب یا امریکاچلے جائیں۔ ان کی بیوی انگلینڈ میں رہتی ہیں۔ وہ اپنی بیوی کے ساتھ رہنے کے لئے وہاں جانے کے بارے میں سوچ سکتے ہیں۔ وہ خوش رہیں گے۔
یاد رہے کہ نیشنل کانفرنس کے بانی شیخ محمد عبداللہ کی 116 ویں یوم پیدائش کے موقع پر سری نگر کے نسیم باغ میں ان کے مقبرہ پر پارٹی کے یوا مورچہ کے اجلاس کو خطاب کرتے  فاروق عبداللہ نے اتوار کے روز کہا تھا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو اپنی ریاست کا درجہ اور خصوصی درجہ واپس پانے کے لئے ویسی ہی ’قربانی‘ دینی پڑسکتی ہے، جیسا کہ نئے زرعی قوانین کی مخالفت کرنے والے کسانوں نے کیا۔پی ڈی پی کی رہنما محبوبہ مفتی نے بھارتی حکومت  کی جانب سے کشمیری لوگوں کے مبینہ استحصال کی مخالفت میں پیر کے روز یہاں جنتر منتر پر دھرنا دیا تھا اور کہا تھا کہ بے قصوروں کا قتل فوری طور پر روکا جانا چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں:فخر یا شرم۔۔بھارت معاشی اور سماجی طور پر تباہی کے دہانہ پر ۔۔تہلکہ خیز رپورٹ جاری

مزیدخبریں