''چیف الیکشن کمشنر کیلئے نامزدگی پر پی ٹی آئی حکومت کا شکر گزار ہوں ''
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کے لئے تیار ہے، چیف الیکشن کمشنر کے لئے نامزدگی پر پی ٹی آئی حکومت کا شکر گزار ہوں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا بہت بڑا حامی ہوں، خواہش تھی جلدی سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین لے آؤں اور بلے بلے ہوجائے لیکن پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال ممکن نہیں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات کے دوران خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیا گیا، ڈیجیٹل حلقہ بندیوں پر تاحال کام شروع نہیں ہوا، الیکشن کمیشن ووٹنگ میں ٹیکنالوجی کا حامی ہے لیکن اس میں ووٹنگ کی شفافیت لازم ہے، الیکشن کمیشن نے کبھی ای وی ایم اور اوورسیز پاکستانیز کو ووٹنگ کی مخالفت نہیں کی۔
سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن جلد بازی میں کبھی نہیں چاہے گا کہ انتخابات کے نتائج پر انگلیاں اٹھیں، الیکشن کمیشن پر ای وی ایم اور اوورسیز کے ووٹ کے حوالے سے تنقید ہوتی ہے، ای وی ایم کا استعمال انتخابی عمل کو مشکوک بنا دے گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات میں پائلٹ پروجیکٹ کا تجربہ کرنا چاھتا ہے، الیکشن کمیشن پر ای وی ایم کے معاملے پر ایسے لوگ تنقید کرتے ہیں جن کو اے بی سی کا بھی نہیں پتہ، اوورسیز کے ووٹ کا طریقہ کار بھی ابھی مشکوک ہے، نادرا کے ساتھ مالی معاملات چل رہے ہیں سابقہ ادوار میں کچھ غلط معاہدے ہوئے جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے، پرنٹنگ پر کام کر رہے ہیں اپنی مشینیں لگائیں گے، الیکشن کمیشن نے نئی ویب سائٹ تیار کر لی ہے۔