پرنسپل جنرل ہسپتال کا ایمرجنسی کا دورہ،ڈینگی و سموگ کاؤنٹر زکا جائزہ لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پرنسپل جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر کا ایمرجنسی کا دورہ،ڈینگی و سموگ کاؤنٹر زکا جائزہ لیا۔
پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کے اچانک دورے کے دوران ڈینگی و سموگ کاؤنٹرز کا تفصیلی جائزہ لیا اور ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری چیک کی۔ اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفرنے انتظامی ڈاکٹرز سے کہا کہ و ہ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور ایم ایس، انتظامی ڈاکٹرز اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ روزانہ کی بنیاد پر اپنے شعبوں کا جائزہ لیں اور اگر کسی وارڈ میں بد انتظامی نظر آئے تو سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ تاخیر سے آنے یا چھٹی منظور کروائے بغیر جانے والوں کو غیر حاضر تصور کیا جائے گا۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے واضح کیا کہ ڈسپلن، صفائی ستھرائی اور ہسپتال کے معمولات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا جبکہ سکیورٹی گارڈز بھی مستعدی کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے سرجیکل،نیورو ایمرجنسی،لیبر روم اور ٹرائی ایج میں مریضوں کی فرداً فرداً خیریت دریافت کی جبکہ ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم،نرسنگ سپرنٹنڈنٹ روبینہ کوثر، فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر جعفر شاہ اور ڈاکٹر عرفان ملک بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے پرنسپل جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر کو اپنے اپنے شعبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ادارے کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کے لئے کاوشیں جاری ہیں اور پنجاب حکومت کی پالیسی کے تحت ہر شعبے میں معیاری سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ ڈینگی اور سموگ کاؤنٹرز موجودہ حالات میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور وہاں موجود سٹاف کو زیادہ چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کا فرض ہے کہ وہ مریض کے علاج معالجے کے علاوہ اسے رہنمائی اور کاؤنسلنگ بھی فراہم کریں تاکہ وہ آئندہ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔