اگر الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل کردیا تو نیا چیئرمین پی ٹی آئی کون ہوگا؟

Dec 07, 2022 | 21:20:PM

(ویب ڈیسک)توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے بعد عمران خان کو پارٹی قیادت کی سربراہی سے ہٹائے جانے پر پی ٹی آئی کا نیا چیئرمین کون ہوگا؟اس حوالے سے اہم معلومات سامنے آگئیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے فیصلہ کیاہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو توشہ خانہ کیس کے فیصلے کی بنیاد پر نااہل کیا تو اس فیصلے کو تسلیم نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کوئی نیا سربراہ نامزد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کا موقف ہے کہ نوازشریف کو پارٹی سربراہی سے تاحیات نااہلی کی بنیاد پر ہٹایا گیا تھاکیونکہ وہ اقامہ چھپانے پر مجرم قرار دیئے گئے تھے ،عمران خان کیخلاف کسی بھی کیس میں نہ تو جرم ثابت ہواہے نہ ہی سزا سنائی گئی ہے لہٰذاپی ٹی آئی کا موقف ہے دونوں کیخلاف ایک طرح کی کارروائی کرنا ممکن نہیں ۔
یاد رہے کہ ماضی میں سپریم کورٹ کے ذریعے نواز شریف کو ن لیگ کی صدارت سے ہٹوانے والے عمران خان اب خود مکافات عمل کا شکار ہونے جا رہے ہیں کیونکہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں آرٹیکل 63 ون پی کے تحت جھوٹے بیانات اور غلط ڈیکلیئریشن جمع کرانے پر نااہل قرار دیئے جانے کے بعد تحریک انصاف کی سربراہی سے ہٹانے کیلئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے ،الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کردیا ہے اور کیس کی سماعت13 دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر کردی ہے ۔
خیال کیا جارہا ہے کہ عمران خان کی نااہلی کی صورت میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی پارٹی کے سربراہ بنیں گے لیکن کچھ پارٹی ذرائع کاکہناہے کہ عمران خان کسی بھی صورت پارٹی قیادت شاہ محمود قریشی کو نہیں سونپیں گے،ہوسکتا ہے وہ اپنی نااہلی کی صورت میں پرویز خٹک کو نیا چیئرمین بنا دیں ۔کیونکہ اسد عمر کے بارے میں بھی عمران خان شکوک وشبہات کا شکار ہیں، ان کاکہناتھا کہ اسد عمر کے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات ہیں۔
دوسری جانب فوادچودھری بھی مستقبل میں خود کو چیئرمین پی ٹی آئی تصور کر رہے ہیں، حالیہ چند دنوں میں انہوں نے عمران خان سے بھی زیادہ سخت بیانات فوج اور عدلیہ سے متعلق دیئے ہیں ۔
ادھر سینیٹر اعجاز چودھری کاکہناتھا کہ ان کی جماعت کسی صورت الیکشن کمیشن کا فیصلہ ماننے کو تیار نہیں ،اسے مسترد کردیا جائے گاانہوں نے کہا کہ ایسا کچھ کرنے کی کوشش ہوئی تو عدالتوں میں بھی جائیں گے اور سڑکوں پر بھی نکلیں گے ان کاکہناتھا کہ نئے پارٹی کے نام پر نہ تو غور ہوا ہے نہ ہی ہوگا،اس لئے نہ کسی متبادل قیادت پر غور کیا گیا نہ ہی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اسمبلیاں تحلیل نہیں کریں گے ، اعتزاز احسن

مزیدخبریں