گوگل کا اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی بہترین ماڈل متعارف 

Dec 07, 2023 | 16:46:PM

(24نیوز)  گوگل نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی اپنا سب سے بہترین ماڈل’’ جیمنائی الٹرا ‘‘متعارف کرا دیا ۔کمپنی اسے چیٹ جی پی ٹی 4 سے زیادہ بہتر تصور کرتی ہے اور یہ 3 مختلف کیٹیگریز میں دستیاب ہوگا۔ 

لارج لینگوئج ماڈل جیمنائی پر کمپنی کی جانب سے کافی عرصے سے کام کیا جا رہا تھا۔ جیمنائی الٹرا  تینوں میں سب سے طاقتور ہوگا، جس کے بعد جیمنائی پرو اور جیمنائی نانو ہے۔ گوگل کی جانب سے پہلے مرحلے میں 13 دسمبر سے ڈویلپرز اور کاروباری اداروں کو جیمنائی پرو تک رسائی فراہم کی جائے گی۔

جیمنائی پرو گوگل کی بیشتر اے آئی سروسز کے لیے استعمال کیا جائے گا اور گوگل بارڈ کے لیے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوگا۔ اس کے مقابلے میں جیمنائی نانو ایک بیسک ماڈل ہوگا جسے اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر استعمال کیا جاسکے گا۔

جیمنائی الٹرا ابھی تک تیار نہیں ہوا مگر ممکنہ طور پر یہ ڈیٹا سینٹرز اور مختلف ایپس کے لیے ڈیزائن کیا جائے گا۔

گوگل کے مطابق اس کا چیٹ بوٹ بارڈ اب جیمنائی پرو پر مبنی ہوگا جبکہ پکسل 8 پرو کے صارفین جیمنائی نانو کے کچھ فیچرز استعمال کر سکیں گے  جبکہ الٹرا ماڈل اگلے سال کسی وقت متعارف کرایا جائے گا۔ جیمنائی اے آئی ماڈل ابھی صرف انگلش زبان میں دستیاب ہوگا مگر گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے بتایا کہ اسے بتدریج گوگل سرچ انجن، کروم براؤزر اور دیگر سروسز کا حصہ بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ مئی 2023 میں گوگل ڈویلپر کانفرنس کے دوران جیمنائی کا اشارہ دیا گیا تھا مگر تفصیلات نہیں بتائی گئی تھیں۔

بعد ازاں جون 2023 میں گوگل کی ڈیپ مائنڈ اے آئی لیب کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو (سی ای او) Demis Hassabis نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم ایک اے آئی سسٹم جیمنائی تیار کر رہے ہیں جو چیٹ جی پی ٹی سے زیادہ بہتر ہوگا۔

مزید پڑھیں: سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری سمیت متعدد سیاسی شخصیات ن لیگ میں شامل

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے 2016 میں ایلفا گو نامی اے آئی پروگرام تیار کیا تھا جس نے بورڈ گیم گو (go) کے ایک چیمپئن کو شکست دے دی تھی، اب اسی طریقہ کار کو اپناتے ہوئے لارج لینگوئج ماڈلز کو حیرت انگیز خصوصیات سے لیس کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گوگل کو چیٹ جی پی ٹی اور دیگر جنریٹیو اے آئی ٹیکنالوجی سے سرچ انجن کے شعبے میں مسابقت کا سامنا ہے۔ نومبر 2022 میں چیٹ جی پی ٹی کے متعارف ہونے کے بعد گوگل کی جانب سے اے آئی چیٹ بوٹ بارڈ متعارف کرایا گیا تھا جبکہ اے آئی ٹیکنالوجی کو سرچ انجن سمیت متعدد پراڈکٹس کا حصہ بنایا گیا۔

اب نیا اے آئی ماڈل متعارف کرایا گیا ہے جو اوپن اے آئی کے طاقتور ترین ماڈل چیٹ جی پی ٹی 4 کا مقابلہ کرے گا۔ گوگل کے مطابق یہ نیا اے آئی ماڈل ویڈیو اور آڈیو کو سمجھنے اور اس کے مطابق اقدامات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں جیمنائی ٹیکسٹ سجیشنز پر کام کرے گا مگر زیادہ طاقتور ماڈلز جیسے جیمنائی الٹرا تصاویر، ویڈیو اور آڈیو پر کام کرسکیں گے۔ گوگل کے مطابق آئندہ سال بارڈ ایڈوانسڈ متعارف کرایا جائے گا جس کے لیے جیمنائی الٹرا کو استعمال کیا جائے گا۔

مزیدخبریں