(ویب ڈیسک) سولجر، بادل اور بچھو جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف بھارتی اداکار بابی دیول نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایک نئی پہچان دینے والے کوئی اور نہیں بلکہ سلمان خان ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بابی دیول نے فلم ANIMALکی کامیابی کے بعد ایک تقریب میں اپنے احساسات و جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں فلمی دنیا سے دور ہو گیا تھا۔
لیکن آج سے کچھ سال قبل ایک دن مجھے سلمان خان کا فون آیا اور انہوں نے اپنے انداز میں کہا کہ ماموں شرٹ اتار لے گا تو میں نے کہا ماموں سب کچھ کروں گا۔
تو بس پھر کیا تھا سلمان خان کی فلم میں اداکاری کرنے سے مجھے فلم ریس 3 اور ہاؤس فل 4 جیسی بڑی فلمیں ملیں، اس کے علاوہ ایک اور موقعے پر بابی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ مجھے دورانِ شوٹنگ سلمان نے کہا کہ ماموں جب میرا انڈسٹری میں برا وقت چل رہا تھا تو میں تیرے بھائی سنی دیول کی پیٹھ پر چڑھ گیا تھا تو کامیاب ہو گیا،اور یہ الفاظ سنتے ہی میں نے مسکرا کر سلمان کو دیکھا اور کہہ دیا کہ ماموں تو مجھے اب اپنی پیٹھ پر چڑھنے دے۔
یہ بھی پڑھیں:نوجوان قوال خالد خان کی نئی قوالی "لاہور آگیا" ریلیز
واضح رہے کہ بابی دیول، رنبیر کپور ، رشمیکا اور انیل کپور کی فلم نے محض 7 دنوں میں 100 کروڑ سے زائد کا کاروبار کر لیا ہے،1 دسمبر 2023 کو ریلیز ہونے والی فلم میں ولن کا کردار نبھانے والے بابی دیول عرصے دراز سے فلمی دنیا سے دور ہیں مگر اس فلم سے ان کا بالی ووڈ انڈسٹری میں زبردست کم بیک ہوا، بہرحال یاد رہے کہ مذکورہ فلم میں انہیں ان کی اداکاری کے علاوہ اچھی باڈی کی وجہ سے بھی سراہا جا رہا ہے کہ 54 سال کی عمر میں بابی نے نوجوانوں کی طرح باڈی بنا رکھی ہے۔