تاجر برادری ملکی معیشت کی بہتری کیلئے کردار ادا کرے، نگران وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ تاجر برادری معیشت کی بہتری کیلئےکردار ادا کرے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اسٹاک ایکسچینج کے تحت پاکستان کی بہترین کمپنیوں کو ایوارڈز دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہترین کامیابی کے موقع پر موجودگی میرے لیے باعث مسرت ہے، امید ہے آئندہ کامیاب کمپنیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 60 ہزار کا ہندسہ عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے۔
انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کی کامیابی پر پوری قوم کو فخر ہے، تاجر برادری معیشت کی بہتری کیلئےکردار ادا کرے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا ہائبرڈ اجلاس، ٹکٹوں کی تقسیم اور امیدواروں کے ناموں پر غور
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے کامیابی کے سلسلے کو جاری رکھنا ہے، نگراں حکومت نے اسملنگ کیخلاف اقدامات اٹھائے جبکہ نگراں حکومت نے بجلی چوروں کیخلاف کارروائیاں کیں۔
نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر نے پی ایس ایکس کے تحت پاکستان کی بہترین کمپنیوں کو ایوارڈز دینےکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی آمد پر وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو خوش آمدید کہتے ہیں، یہ کامیابی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے تمام ممبرز کی ہے، تمام کاروبار سے منسلک اداروں کے تعاون کے باعث کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ 2023ء میں اسٹاک ایکسچینج کےکاروبار میں 30 فیصد اضافہ ہوا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اصلاحات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا، ہم اس کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھیں گے۔
شمشاد اختر کا کہنا تھا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کے مثبت نتائج آئے ہیں، ایف بی آر میں پیش کردہ اصلاحات پر عملدر آمد کیا گیا اور ملکی مفاد میں مشکل فیصلے کیے گئے۔
نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے کاروبار کی بہتری کیلئے درآمدات پر پابندی اٹھائی، اسٹاک ایکسچینج میں اسلامک فنانس کی شمولیت کے بہتر نتائج سامنے آئے۔