(ویب ڈیسک)بھارت سے کراچی آئے ماہرین صحت نے پاکستان کو بھارتیوں کے لیے محفوظ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق 13ویں سارک ای این ٹی کانفرنس میں بھارت سے 5 ماہرین صحت نے شرکت کی۔پروفیسر کے پی موروانی کا کہنا ہے کہ پاکستان اتنا ہی محفوظ ہے جتنا بھارت کا کوئی اور شہر، پاکستانی اتنی مہمان نوازی کرتے ہیں کہ شرمندگی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے والدین سندھ سے ہجرت کر کے گئے تھے، آج اپنی جنم بھومی پر واپس آیا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران ایٹم بم بنانے کے قریب پہنچ گیا، عالمی توانائی ایجنسی کا دعویٰ
پروفیسر پاٹل کا کہنا ہے کہ 2006ء میں ڈیڑھ گھنٹے میں بمبئی سے کراچی آگئے تھے، اس بار ممبئی سے کراچی بحرین کے راستے آنے میں 12 گھنٹے لگے۔
بھارتی ماہرین صحت نے کہا ہے کہ پاکستان میں آکر اردو بولنے اور سننے سے کان سیراب ہو رہے ہیں، پاکستان اور بھارت کے عوام اور ماہرین کے ملنے کے مواقع بڑھائے جائیں۔
کانفرنس میں افغانستان سمیت سارک ممالک اور دنیا بھر سے 30 غیرملکی مندوبین نے شرکت کی ہے۔