بچپن میں زینب مارکیٹ جانا اور گول گپے کھانابہت پسندتھا،ماہرہ خان
میرا گھر کراچی میں ہی ہے اور یہ زندگی بھر کا تعلق ہے، عالمی اردو کانفرنس میں گفتگو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کہاہے کہ میرا گھر کراچی میں ہی ہے ،میرا تعلق اسی شہر سے ہے اور یہ زندگی بھر کا تعلق ہے ۔
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری سترہویں عالمی اردو کانفرنس کا دوسرا دن منفرد نشستوں اور دلچسپ موضوعات سے بھرپور رہا،سیشن"میں ہوں کراچی" کو شہریوں نے خوب پسند کیا،اس سیشن میں ماہرہ خان، ہمایوں سعید اور عاصم اظہر نے اپنے کیریئرکے سفر کی کہانیاں سنائیں تو شرکاء خوب محظوظ ہوئے ۔
وائی ایم سی گراونڈ میں اداکارہ ماہرہ خان سے میزبان وسیم بادامی نےدلچسپ سوالات پوچھے تو ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ شکر ہے کراچی شہر کا موسم کچھ بہتر ہوا، میرا گھر کراچی میں ہی ہے میرا تعلق اسی شہر سے ہے اور یہ زندگی بھر کا تعلق ہے ۔
سیشن کے دوران ماہرہ خان نے کراچی سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر ان کے دل کے بہت قریب ہے کیونکہ انہوں نے اپنی زندگی کے سب سے اہم لمحات یہاں گزارے ہیں،وہ کراچی میں پیدا ہوئیں،یہیں شادی کی اور ان کے دادا دادی ہندوستان سے ہجرت کرکے کراچی آئے تھے۔
ماہرہ خان نے شہر میں گزرے خوبصورت لمحات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ یادیں ہمیشہ ان کے ذہن میں تازہ رہتی ہیں۔
ماہرہ خان نے کراچی کی ثقافت اور اس کے کھلے دل و دماغ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر کسی کی شناخت یا پس منظر سے لوگوں کو نہیں جانچتا، کراچی کے لوگوں میں صبر اور برداشت کا جذبہ سب سے نمایاں ہے، جو اس کی سب سے بڑی خوبی ہے کیونکہ کراچی میں مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے لوگ امن و سکون کے ساتھ رہتے ہیں اور ان کے سب سے زیادہ دوست بھی اسی شہر میں ہیں۔
کراچی کی خوب صورتی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ماہرہ خان نے بتایا کہ انہیں اپنے بچپن کی یادیں بہت یاد آتی ہیں جیسے کہ خاص طور پر زینب مارکیٹ جانا اور گول گپے کھانا،کبھی کبھی وہ یہ خواہش کرتی ہیں کہ برقعہ پہن کر گلیوں میں گھوم سکوں اور ان یادوں کو پھر سے جی سکوں لیکن اپنی شناخت کی وجہ سے یہ ہمیشہ ممکن نہیں ہوتا۔
سیشن کے دوران ماہرہ خان نے کوئٹہ میں پیش آئے حالیہ واقعے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس کوئٹہ میں بھی ہونے چاہئیں تاکہ ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔
ماہرہ خان نے ایوارڈ شوز کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس نئے ٹیلنٹ کو تسلیم کرنے اور فنکاروں کو ایک دوسرے سے ملنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
"میں ہوں کراچی" کے دوسرے سیشن میں اداکار ہمایوں سعید اورگلوکار عاصم اظہر نے بھی اپنے کیریئر کے سفراور کامیابیوں کی کہانیاں سنائیں۔