علی سدپارہ ساتھیوں سمیت تاحال لاپتہ،آرمی کا سرچ آپریشن دوبارہ شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)بغیر آکسیجن کے ٹو کو سردیوں میں فتح کرنے کی مہم، عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ ،آئس لینڈ کے جان سنوری اور چلی کے جان پابلو انتہائی بلندی پر پہنچنے کے بعد تاحال واپس نہیں پہنچ سکے۔پاک آرمی کی جانب سے سرچ آپریشن کا دوبارہ آغاز کردیا گیا ہے۔
علی سدپارہ کے ٹو کو موسم سرما میں سر کرنے کی کوشش کے دوران دو روز سے لاپتا ہیں، ان کے ساتھ موجود دو غیر ملکی ساتھیوں کا بھی پتہ نہ چل سکا۔ذرائع کے مطابق علی سدپارہ سمیت دیگر کوہ پیماؤں کا جمعہ سے کیمپ سے رابطہ منقطع ہے۔گزشتہ روز آرمی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے 7 ہزار میٹر کی بلندی تک لاپتہ کوہ پیماؤں کو تلاش کیا گیا لیکن خراب موسم اور تیز ہواؤں کے باعث سرچ آپریشن میں مشکلات پیش آئیں۔
ادھر زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور آرمی چیف معاملے کو خود دیکھ رہے ہیں،قومی ہیروکی تلاش کا عمل کامیاب ہونے کے لئے پوری قوم دعاگو ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کہتے ہیں کہ علی سدپارہ اور دیگر کوہ پیماؤں کی بحفاظت واپسی کے لیے آپریشن جاری ہے ۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ محمد علی سدپارہ پاکستان کے قابل فخر ہیرو ہیں ان کی تلاش اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
آئس لینڈ کے وزیر خارجہ اور شاہ محمود قریشی میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے،وزیر خارجہ نے ہم منصب کو لاپتہ کوہ پیماؤں کی کھوج کیلئے جاری ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ آئس لینڈ کے وزیر خارجہ نے کوہ پیماؤں کی تلاش کیلئے کوششوں پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔