(24نیوز)راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی ٹیم دوسری اننگز میں 298 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ محمد رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 370 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔
راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا میں ہی حسن علی 5 رنز پر کیشو مہاراج کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔جس کے بعد محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا اور ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری بھی بنا ڈالی۔
یاسر شاہ زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور 23 رنز بنا کر جارج لنڈے کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔نعمان علی نے رضوان کا بھرپور ساتھ دیا اور 97رنز کی قیمتی پارٹنر شپ قائم کی۔نعمان علی 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔شاہین آفریدی 4 رنز پر لنڈے کی گیند کا شکار بنے۔محمد رضوان نے 115 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
واضح رہے کہ پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 272 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 201 رنز بناسکی۔قومی ٹیم کی اوپننگ جوڑی دوسری اننگز میں بھی ناکام ثابت ہوئی۔ عمران بٹ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے، عابد علی بھی کریز پر جم کر نہ کھیل سکے اور 13 رنز پر چلتے بنے۔ کپتان بابراعظم8 رنز پر کیشو مہاراج کی گیند کا شکار بنے ۔ لیفٹ آرم اسپنر جارج لنڈے نے اظہرعلی کو 33 رنز، فواد عالم کو 12 رنز اور فہیم اشرف کو 29 رنز پر پویلین بھیجا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے جارج لنڈے نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ کیشو مہاراج نے 3 اور ربادا نے 2 شکار کئے۔
قبل ازیں راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو کپتان کوئنٹن ڈی کاک 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ویان ملڈر 33، جورج لنڈے 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ڈین ایلگر 15، وان ڈیر ڈاسن کو کھاتہ کھولے بغیر بولڈ ہوگئے۔ فاف ڈپلسی 17 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کا شکار بنے، ایڈن مارکرم 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ٹمبا باوما 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے 5، نعمان علی، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم پہلی اننگز میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد فہیم اشرف، کپتان بابراعظم اور فواد عالم کی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت 272 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ بابراعظم 77 اور فواد عالم 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ فہیم اشرف 78 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔واضح رہے کہ کراچی میں ہونے ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی، جس کے پاکستان کوسیریز میں برتری حاصل ہے۔