(24نیوز) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا بیان میں کہنا تھا کہ سال 2023 تک مارچ آتے اور جاتے رہیں گے مگر حکومت قائم رہے گی۔ 26 مارچ کے بعد 27 مارچ ہو گا اور کچھ نہیں ہوگا۔ دسمبر، جنوری میں کچھ نہ کر سکنے والی اپوزیشن مارچ میں بھی ناکام ہی ہو گی۔
پاکستان ڈیم کریٹک موومنٹ کی جانب سے اسلام آباد لانگ مارچ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے چودھری سرور کا مزید کہنا تھا کہ لانگ مارچ سے حکومت کا خاتمہ اپوزیشن کی غلط فہمی کے سوا کچھ نہیں، عوام نے تحریک انصاف کو پانچ سال حکومت کا مینڈ یٹ دیا ہے۔ سیاسی مخالفین کو مشورہ ہے صبر کے ساتھ 2023 کے انتخابات کا انتظار کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو ایک دوسرے پر اعتبار ہے اور نہ ہی ان میں اتفاق ہے۔ سینٹ انتخابات کیلئے اوپن بیلٹ سے ووٹ چوری کاخاتمہ ہوجائے گا۔سینٹ انتخابات میں تحریک انصاف اور اتحادی ہی کامیاب ہوں گے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قومی امنگوں کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ اتحادی جماعتیں اور عوام بھی حکومت کے بیانیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کرنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں۔ملک معاشی سمیت تمام شعبوں میں کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔