کوروناویکسین کی اگلی کھیپ24گھنٹےمیں ملنےکا امکان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پاکستان کو انسداد کورونا ویکسین سائنو فارم کی دوسری کھیپ کے بارے میں محکمہ صحت نے اہم اعلان کردیا ۔ویکسین کی اگلی کھیپ چوبیس گھنٹےمیں ملنےکےامکانات ہیں۔
ذرائع محکمہ صحت کے مطابق چین سائنو فارم کےمزید پانچ لاکھ ڈوز فراہم کرےگا۔روسی ویکسین اسپٹنک کو محدود وقت کیلئے درآمد کی اجازت دی جاچکی ہے اور اسے روس سے ہنگامی بنیادوں پرمنگوانےکےاقدامات کرلئےگئے ہیں۔ایسٹرازینیکا کےڈوز بھی رواں ماہ کے اختتام پر آنے کی امید ہے، ایسٹرازینیکا کی درآمد کی اجازت وفاق کی جانب سے پہلے دی جاچکی ہے،کوویکس گروپ ترقی پذیراور غریب ممالک کو یہ ویکسین عطیہ کرے گا۔
اس حوالے سے گزشتہ روز سندھ حکومت نے رپورٹ جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ سندھ بھر میں مجموعی طور پر 7349 طبی عملے کو کورونا ویکسین فراہم کردی گئی ہے جن میں ڈاو یونیورسٹی اوجھا کیمپس، جناح ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں کے فرنٹ لائن ورکرز شامل ہیں۔سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیو کراچی میں255 ،لیاقت آباد ہسپتال میں615 ، چلڈرن ہسپتال نیو کراچی میں268،سندھ گورنمنٹ ہسپتال کورنگی میں722فرنٹ لائن ورکر کو ویکسین لگائی گئی۔اسی طرح اربن ہیلتھ یونٹ تھڈو نالو ملیر میں881فرنٹ لائن ورکروں ، لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے724فرنٹ لائن ورکرز اور شہید بے نظیر آباد کے ایم سی ایچ سینٹر میں1121فرنٹ لائن ورکر کو ویکسین فراہم کی گئی۔
یاد رہے کہ 3 فروری کو ملک کے چاروں صوبوں میں کورونا ویکسینیشن کا آغاز ہوا ، سندھ میں وزیراعلیٰ سندھ ، بلوچستان میں وزیراعلیٰ جام کمال اور خیبر پختونخواہ میں وزیراعلیٰ محمود خان نے ویکسینیشن کا آغاز کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاک فضائیہ کاخصوصی طیارہ چین سےکوروناویکسین کی پہلی کھیپ لےکرپہنچا تھا، اس کے بعد صوبوں میں اس کی ترسیل کی گئی اور عالمی وبا سے لڑنے والے فرنٹ لائن عملے کو اس وقت ویکسینیشن دینے کا عمل جاری ہے۔