اتراکھنڈ میں گلیشیئر ٹکڑے ٹکڑے ، ڈیم تباہ،شدید سیلاب، سات ہلاکتیں،170 افراد لاپتہ

Feb 07, 2021 | 20:41:PM

 (24نیوز)بھارت کی شمالی ریاست اتراکھنڈ میں ایک گلیشیئر ٹوٹنے اور ڈیم سے ٹکرانے کے بعد آنے والے شدید سیلاب کی زد میں آ کر کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے جبکہ درجنوں افراد پانی میں بہہ گئے اور تقریباً 170افراد لا پتہ ہیں جن کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اتراکھنڈ کے ضلع چمولی میں یہ واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا جب ڈیم تباہ ہونے سے ایک قریبی گاؤں زیر آب آ گیا جس کے بعد اردگرد کے دیہات خالی کروا لیے گئے ہیں۔حکام کے مطابق اس واقعے میں رشی گنگا بجلی گھر کا منصوبہ تقریبا مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے جبکہ تپوانو ڈیم کو بھی خاصا نقصان پہنچا ہے۔اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ترویندر سنگھ روات نے پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ اب تک سات لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 125 افراد اب بھی لاپتہ ہیں جب کی تلاش کی عمل جاری ہے۔پولیس حکام کے مطابق تپوان کے مقام پر ایک سرنگ میں پھنسے 16 افراد کو بھی بچا لیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ علاقے میں برفانی تودے کے گرتے ہی دھول، چٹان اور پانی پھیل گیا۔دھولی گنگا دریا کے قریب رہنے والے سنجے سنگھ رانا نے بتایا کہ سیلاب اتنی تیزی سے آیا کہ کسی کو سنبھلنے کا وقت ہی نہیں ملا۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے محسوس ہوا کہ شاید ہم بھی بہہ جائیں گے۔ادھرپڑوسی ریاست اترپردیش نے قریب کے کچھ علاقوں کو سیلاب کے لیے ہائی الرٹ کر دیا ہے تاہم اتراکھنڈ کے ڈی جی پی اشوک کمار نے فیس بک پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 'سری نگر سے آگے دریا کا بہاؤ معمول پر ہے اور دیوپریاگ اور نچلے علاقوں کے لوگوں کے لیے خطرہ نہیں ہے۔

مزیدخبریں