(24نیوز)ٹوئٹر نے بھارتی حکومت کی جانب سے کسان تحریک سے متعلق ٹوئٹس،دیگر مواد شیئر کرنے والے 250 اکاونٹس بند کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا۔
تفصیلا ت کے مطا بق ٹوئٹر نے بھارتی حکومت کی جانب سے دی گئی درخواست پر اگرچہ فوری طور پر درجنوں اکاونٹس کو بند کردیا تھا تاہم بعد ازاں مائکرو بلاگنگ سائٹ نے تمام اکاونٹس کو بحال کردیا ہے۔
حکومت کی درخواست پر عمل نہ کرنے اور حال ہی میں بھارت میں ٹوئٹر کے اعلی عہدیدار کی جانب سے مستعفی ہونے کے بعد ٹوئٹر اور بھارتی حکومت کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔بھارتی حکومت کی خواہش ہے کہ ٹوئٹر ان اکاونٹس کو بھارتی سائبر کرائم قوانین کے تحت معطل کرے، جن سے متعلق حکومت نے مائکرو بلاگنگ سائٹ کو ڈیٹا فراہم کیا ہے۔
ٹوئٹر پر بھارت میں گزشتہ ماہ نومبر سے جاری کسانوں کے مظاہروں کے حوالے سے کافی ڈیٹا اور معلومات شیئر کی جاتی ہیں اور بھارت بھر میں ٹوئٹر کے لاکھوں صارفین ہیں۔ٹوئٹر نے بھارتی حکومت کی درخواست کو آزادی اظہار کے خلاف قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے جس کے بعد ٹوئٹر اور بھارتی حکومت کے درمیان اختلافات شدید ہوگئے۔