لیگی رہنما محمدزبیر کی بیٹی وداماد کی ویکسی نیشن، سندھ حکومت کا نوٹس

Feb 07, 2021 | 23:10:PM

(24نیوز)سابق گورنرسندھ محمد زبیر کی بیٹی اور داماد کی جانب سے کورونا ویکسین لگوانے پر سندھ حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی ڈسڑکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر انیلہ قریشی کو معطل کر دیا۔
دونوں نے ویکسین کے بعد تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔ تصاویر سامنے آنے پر وزیر صحت عذرا پیچوہو نے نوٹس لیا۔وزیر صحت سندھ نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی جوکہ تین روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔ دیگر سینٹرز سے بھی چند من پسند افراد کو ویکسین لگانے کا انکشاف ہوا ہے۔

 لیگی رہنما محمد زبیر کے اہلخانہ کو کورونا ویکسین لگانے والی ڈاکٹر انیلہ کا کہنا ہے کہ وہ ان لوگوں کی ویکسی نیشن کی ذمہ دار نہیں ہیں،ان کا کہنا ہے کہ محمد زبیر کے اہلخانہ نے غلط بیانی کرکے ویکسین لگوائی جس کی وہ ذمہ دار نہیں ہیں۔
وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ محمد زبیر نے فیملی کو پرائیوٹ ویکسین لگائی ہے تو حرج نہیں لیکن اگر لگائی گئی ویکسین سرکاری تھی تو یہ درست عمل نہیں۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ غریبوں کی باتیں کرنے والی لیگی قیادت نوازتی اپنوں کو ہی ہے۔

دوسری جانب واقعے پر این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ شکایت ملی کہ کراچی میں ویکسین جان پہچان والوں کو لگائی جا رہی ہے۔
اسد عمر نے لکھا کہ کراچی میں ویکسین ہیلتھ کیئر ورکرز کے علاوہ دیگر افراد کو لگائی گئی جس پر این سی او سی نے فوری نوٹس لیا اور ٹیم نے سندھ حکومت کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے سندھ حکومت کو صرف ہیلتھ ورکرز کو ویکسین دینے کی تاکید کی ہے۔

سربراہ این سی او سی نے کہاکہ ویکسین قوم کی امانت ہے ،اس امانت میں خیانت نہیں ہو سکتی،اب دوبارہ ایسا نہیں ہونے دیں گے،انہوں نے کہاکہ ویکسین صوبائی حکومت کے کنٹرول میں دی گئی ہے ، ابھی تک وزیراعظم، وزرا اور ان کے خاندان نے ویکسین نہیں لگوائی،کراچی میں وی وی آئی پیز کو کورونا ویکسین لگانا غلط ہے۔

مزیدخبریں