(ویب ڈیسک) ویڈیو گیم کے ماہر پاکستانی کھلاڑی عاطف بٹ نے نیدرلینڈز میں ہونے والے ’ٹیکن ورلڈ ٹوئر 2022 ویڈیو گیم‘ کا ٹورنامنٹ جیت کر نئے ’کنگ آف دی آئرن فسٹ‘ کا تاج اپنے نام کرلیا۔
ویڈیو گیم پروڈیوسر بندئی نامکو انٹرٹینمنٹ کے ٹیکن ورلڈ ٹوئر سیریز نے انٹرنیشنل آفلائن ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جس میں ’کنگ آف دی آئرن فسٹ‘ کیلئے کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔
واضح رہے کہ ’کنگ آف دی آئرن فسٹ‘ ٹورنامنٹ بڑے پیمانے پر مقبول اور کامیاب فائٹنگ ویڈیو گیم فرنچائز ٹیکن کا اہم حصہ ہے۔
ٹیکن ورلڈ ٹوئر سیریز کا آغاز 24 جون کو 16 ریجنز میں ہوا جس میں پاکستان پہلی بار خود ریجن کے طور پر فائنل ٹورنامنٹ کے فائنلز پر پہنچا جو کہ علاقائی سطح پر کوالیفائی کرنے والے 24 کھلاڑیوں کیلئے ایک تقریب تھی۔
ٹیکن ورلڈ ٹورنامنٹ 2022 گلوبل فائنلز ایمسٹرڈیم میں ہفتہ اور اتوار کو کھیلا گیا تھا۔
بندئی نامکو گیم پروڈیوسر کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جنوبی کوریا کے کھلاڑی سانگ ہیون کے خلاف عاطف بٹ کے فائنل میچ جیتنے والے لمحات شیئر کیے گئے، جس نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم بھی جیتی۔
گیم ڈیولپر نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ ’نئے کنگ آف دی آئرن فسٹ عاطف بٹ ہیں‘۔
گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے عاطف بٹ نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس خوشی بیان کرنے کیلئے الفاظ نہیں ہیں اور یہ ان کیلئے ایک حقیقی لمحہ ہے۔
عاطف بٹ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر خود کو ملنے والی مبارک پر سب کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’یہ سب حقیقی محسوس نہیں ہو رہا ،آپ سب کا شکریہ، مزید آگے بڑھنا ہے یہ تو ابھی شروعات ہے۔
دونوں فائنلسٹ ویڈیو گیمرز نے زبردست مقابلہ کیا جہاں عاطف بٹ کے حریف کھلاڑی نے انہیں جیت پر مبارک باد دی اور کہا کہ ’میں حقیقت میں جیتنا چاہتا تھا، لیکن دکھ ہے کہ ایسا نہیں کر سکا لیکن سب کا شکریہ جنہوں نے مجھے سپورٹ کیا‘۔