تیز ہوائیں شروع، بادل بھی برسیں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ،پہاڑوں پربرفباری ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کے دوران ملک کےمغربی اور بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے،مغربی ہوائیں بدھ کی رات کو ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونگی۔
9 فروری کو ملک کے بالائی علاقوں تک پھیل جائیں گی اور 10 فروری تک شمالی علاقہ جات پر موجود رہیں گی،بعض مقامات پر درمیانی اور چند مقامات پر موسلادھار بارش جبکہ برفباری کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔
9 سے10 فروری کے دوران اسلام آباد ، لاہور ، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد،منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ ،نارووال میں بارش کا امکان ہے۔
فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، قصور، شیخوپورہ ،ننکانہ صاحب ، خوشاب، میانوالی اور سرگودھا میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
اسی دوران چند مقا مات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے،8 سے 10 فروری کے دوران مری میں برفباری متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں بڑی کمی،چاندی کا بھی ریٹ کم ہو گیا
پی ڈی ایم اے کے مطابق برفباری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل پیدا ہو سکتا ہے،اسی دوران مری میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے،سیاح بارش اور برفباری کے دوران محتاط رہیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں،ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے الرٹ ہیں۔
برف ہٹانے کیلئے ہیوی مشینری اور سٹاف کی مختلف شفٹوں میں ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں،مری میں سیاحوں کی سہولت کیلئے فسیلیٹیشن سنٹرز بھی مکمل فعال ہیں،کنٹرول رومز سے مری کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے،مری جانے والے سیاح ایڈوائزری پر من و عن عمل کریں،ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کرکے مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔