8 فروری انتخاب نہیں امتحان ہے، انشاء اللہ ایم کیو ایم نماز شکرانہ ادا کرے گی،خالد مقبول صدیقی

Feb 07, 2024 | 10:31:AM

(24 نیوز)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے  کہا ہے کہ 8 فروری کا انتخاب نہیں امتحان ہے، اب پاکستان میں پاکستانیوں کی حکومت ہو گی، ہماری جماعت الیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی، دوسروں کا وقت ختم ہو رہا ہے اور عوام کا شروع ہونا ہے۔ 

ایم کیو ایم پاکستان کے تحت فائیو سٹار چورنگی کراچی پر جلسے کا انعقاد کیا گیا جس سے پارٹی رہنماؤں نے خطاب کیا،جلسے سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی  کا کہنا ہے کہ یہ نظام ہم سے ڈرتا ہے اسی لیے ہمیں دہشتگردکہتا ہے،انہوں نے کہا ہے کہ ظالموں کا دور ختم اور مظلوم و محکوم عوام کی حکمرانی کا دن شروع ہو رہا ہے، کراچی کے عوام ایم کیو ایم کی شکل میں اپنی شناخت کو کامیاب کرائیں گے، ایم کیوایم پاکستان اور کراچی کا وقت آ رہا ہے، تمام برادری ہمارے ساتھ کھڑی ہے، آج کی رات گھر کے باہر سے کمپین ختم اور گھر کے اندر سے شروع ہو رہی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا ہے کہ 8 فروری کی شب انشاء اللہ ایم کیو ایم پاکستان نماز شکرانہ ادا کرے گی، ہمارے منتخب نمائندوں پر اب کڑا وقت آنا ہے، ہم کراچی کے عوام کا اعتماد ضائع نہیں ہونے دیں گے، کراچی کے عوام بڑے افتخار سے ایم کیو ایم کو کامیاب کرانے جا رہے ہیں، کراچی کے عوام ایم کیو ایم کی شکل میں اپنی شناخت کروائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:بھائی چارے کا خوبصورت لمحہ  جب ایک سکھ مسلمان کی نماز مکمل کروانے پہنچ گیا

 انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کے لیے نسخہ کیمیا لے کر آئے ہیں، 2300 جاگیرداروں کے بجائے 23 کروڑ لوگوں کو سہولیات دیں گے۔

دوسری جانب جلسے سے خطاب میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جو سمجھتے تھے الیکشن خرید لیں گے، ان کا غرور خاک میں ملادیا،انہوں نے کہا ہے کہ ظالموں نے سمجھا کہ ہم جیت نہیں سکتے وہ ووٹ خرید لیں گے، میں اپنی ماؤں بہنوں کو مبارباد دیتا ہوں جس طرح سے آپ نے ایم کیو ایم کی الیکشن مہم چلائی۔

انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ الیکشن کمپین میں شہید ہونے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اللہ ان کے درجات بڑھائے اور لواحقین کو صبر دے، کارکنوں کو کہتا ہوں آپ جیت گئے اور باطل ہار گیا ہے، انشاء اللہ ایم کیو ایم ڈسٹرکٹ سنٹرل کی تمام نشستوں پر بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، کراچی سے ظلم کے خاتمے کا آغاز 8 فروری کے دن شروع ہو جائے گا۔

رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے مزید کہا ہے کہ الیکشن صرف ہار جیت نہیں بلکہ ہماری نسلوں کی بقاء کیلئے ضروری ہے، ظالموں نے یہ سمجھا کہ پیسوں سے الیکشن خرید سکتے ہیں، کراچی والوں نے ظالموں کا غرور خاک میں ملا دیا، کراچی، حیدر آباد اور میرپور خاص میں ہر طبقے نے ایم کیو ایم پاکستان کی انتخابی مہم چلائی، کارکنان کو بھرپور انتخابی مہم چلانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم ہی ملک کے غریب و متوسط طبقے کی واحد امید ہے، آج انتہائی دکھ کیساتھ شہداء کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں، الیکشن مہم نے ثابت کر دیا کہ کراچی ایم کیو ایم پاکستان کا مضبوط قلعہ ہے، کراچی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، موقع ملا تو کراچی کے عوام کی بھرپور خدمت کریں گے، الیکشن کے بعد کراچی جلد دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والا شہر ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ آج کراچی کا پختون بھی ایم کیو ایم کا جھنڈا لیکر انتخابی مہم چلا رہا ہے، بیورو کریسی سے شہر پر قبضہ کرنے کا خواب دیکھا جو چکنا چور ہونے جا رہا ہے، کراچی کے عوام اپنے ایک ایک ووٹ کی چوکیداری کریں گے، اہل کراچی فجر کی نماز پڑھ کر باہر نکلیں اور بھرپور ووٹ کاسٹ کریں، ایک ایک ووٹ ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کی ضمانت ہے۔

مزیدخبریں