سلمان اکرم راجہ کی درخواست کیوں مسترد ہوئی؟ الیکشن کمیشن کا تحریری فیصلہ جاری

Feb 07, 2024 | 18:20:PM

(عثمان خان )پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار سلمان اکرم راجہ کی فارم 33 پر پارٹی نام لکھنے کی درخواست کیوں مسترد کی گئی ، الیکشن کمیشن  نے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ۔

الیکشن کمیشن  کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ جماعت ہے،پی ٹی آئی مقررہ وقت میں الیکشن کرانے میں ناکام رہی، جس کے باعث انکا انتخابی نشان روک لیا گیا،پی ٹی آئی الیکشن ایکٹ کی سیکشن 209 پر عمل نہ کر سکی اور انتخابی نشان کے لئے نااہل ہوئی، الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر  سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ 

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ فارم 33 کے کالم 5 میں انکی سیاسی جماعت کا نام لکھا جائے، سلمان اکرم راجہ کو  پی ٹی آئی کے نامزد کردہ کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا،انتخابی نشان کی غیر موجودگی میں سلمان اکرم راجہ کی پارٹی کا نام  فارم 33 پر نہیں لکھا جا سکتا، الیکشن کمیشن نے پارٹی چیئرمین کے الیکشن کو قبول نہیں کیا اور سرٹیفیکٹ کو الیکشن کمیشن نے نوٹیفائی نہیں کیا۔

الیکشن کمیشن  کا کہنا ہے کہ گوہر علی خان پی ٹی آئی کی پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کر سکتے،سلمان اکرم راجہ کو آزاد انتخابی نشان دیا گیا لہذا ان کے نام کے سامنے کالم میں پی ٹی آئی نہیں لکھا جا سکتا،الیکشن رولز کے مطابق سیاسی جماعت وہ ہے جسے الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان دیا ہے،سلمان اکرم راجہ جس جماعت سے وابستگی ظاہر کر رہے ہیں اسے الیکشن کمیشن نے پارٹی نشان نہیں دیا،سلمان اکرم راجہ کی جانب سے پارٹی نام لکھنا کا مطالبہ غلط فہمی پر مبنی ہے،اس لیے سلمان اکرم راجہ کی درخواست مسترد کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :بیرک کی صفائی ستھرائی آپ خود کریں گے ! عمران خان کو بھی نواز شریف والی سزا مل گئی

مزیدخبریں