ناصر راجہ بازیابی کیس؛مغوی کو پیش نہ کیا گیا تو پی پی 11 کا الیکشن ملتوی کر دینگے، اسلام آبادہائیکورٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت کے بھائی ناصر راجہ کی بازیابی کیس کی سماعت میں سوا سات بجے تک کا وقفہ کر دیا، جسٹس ارباب طاہر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ آدھے گھنٹے کا وقت ہے مغوی کو پیش کیا جائے، اگر پیش نہ کیا گیا تو پی پی 11 کا الیکشن ملتوی کر دینگے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت کے بھائی ناصر راجہ کی بازیابی کیس کی سماعت ہوئی،ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد عدالتی طلبی پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے،ایس ایس پی آپریشنز نے کہاکہ ناصر راجہ ہمارے پاس نہیں ہیں ون فائیو پر کال چلی تھی، جسٹس ارباب طاہر نے الیکشن کمیشن حکام سے استفسار کیا کہ ایک امیدوار غائب ہو گیا تو اب کیا ہو گا؟الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب دیاکہ اس حلقے سے ایک نہیں بلکہ 36 امیدوار ہیں،الیکشن کمیشن کو تو ابھی اس متعلق حقائق کا بھی علم نہیں ہے،جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ ایس ایس پی آپریشنز نے اعتراف کیا ہے کہ بندہ غائب ہو گیا، الیکشن کمیشن امیدوار اغواءہونے کے باوجود بھی الیکشن کروا لے گا؟
ایس پی اسلام آباد نے کہاکہ میں حلفیہ کہتا ہوں کہ مجھے نہیں معلوم راجہ ناصر کو کس نے اٹھایا، ہم مقدمہ درج کر لیں گے اور تفتیش کرینگے، جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ مقدمہ نہیں ابھی تو الیکشن چل رہا ہے،ایس پی صاحب بڑا واضح بتا رہا ہوں یہ آپ کیلئے مسئلہ بنے گا، اسلام آباد پولیس اعتراف کر رہی ہے کہ بندہ اغواہوا ہے۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ ایس ایس پی صاحب کو خود یقین نہیں کہ بندہ اغوا ہوا ہے، جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ آپ کیسی بات کر رہے ہیں کہ بندہ اغواہو گیا اور آپ الیکشن کروا لیں گے، جسٹس ارباب طاہر نے ایس پی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ بندہ آپکی حدود سے اٹھایا گیا آپ اس کے ذمہ دار ہیں،اب ہم دیکھیں گے کہ اس حلقے میں الیکشن ہو سکتا ہے یا نہیں، وکیل درخواست گزار نے کہاکہ الیکشن کمیشن ایسے بات کر رہا ہے جیسے یہ خود پارٹی ہیں،
جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ ہمارے الیکشن رکوانے سے پہلے آپ اپنے طور پر کارروائی کریں،وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ الیکشن کمیشن جو تحریری طور پر کوئی درخواست نہیں دی گئی،وکیل درخواست گزار نے کہاکہ ہم الیکشن کمیشن کو تحریری درخواست دے چکے ہیں، جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ آپ جائیں درخواست پر فیصلہ کریں اور تحریری طور پر واضح ہدایات لے کر آئیں۔
جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ آدھے گھنٹے کا وقت ہے مغوی کو پیش کیا جائے، اگر پیش نہ کیا گیا تو پی پی 11 کا الیکشن ملتوی کر دینگے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن حکام کو بھی آدھے گھنٹے میں طلب کر لیا ،عدالت نے اے آئی جی انویسٹی گیشن اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ،عدالت نے الیکشن کمیشن حکام کو واضح ہدایات لے کر تحریری طور پر پیش کرنے کا حکم دیدیا، جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ الیکشن کمیشن اس معاملے کو دیکھے اور سوا سات بجے عدالت کو آگاہ کرے۔
یاد رہے کہ لاپتہ ناصر راجہ صوبائی اسمبلی کے پی پی 11 سے امیدوار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ بم دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد کتنی ہو گئی ؟ پریشان کن اعدادوشمار نے ہر کسی کو افسردہ کر دیا