شمالی وزیرستان: دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 خوارج جہنم واصل

Feb 07, 2025 | 17:38:PM

(احمد منصور) شمالی وزیرستان  کے علاقے دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کے دوران 3 خوارج کو  جہنم واصل  کردیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شمالی وزیرستان میں 3 خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کرنے پر سکیورٹی فورسز کو  خراج تحسین۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دتہ خیل میں 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب آپریشن کیا جس کے دوران 3 خوارج کو ہلاک کردیا  گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق تینوں خوارج خواتین کا برقعہ پہن کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ 

بیان میں بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جبکہ وہ دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علاقےمیں خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظرسینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دتہ خیل، ضلع شمالی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کے 3 دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں 3 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے اور  انکے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو  خراج تحسین پیش کرتے ہو کہا ہےکہ بہادر سکیورٹی فورسز نے ہمیشہ کی طرح آج بھی خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ خوارجی دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لئے قوم یکسو ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں:سلمان خان کاخواتین کے لباس سے متعلق بیان: سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

مزیدخبریں