اپیل کمپنی کا سستا ترین آئی فون اگلے ہفتے متعارف کروائے جانے کا امکان

Feb 07, 2025 | 18:54:PM

(ویب رپورٹ) آئی فون بنانے والی  کمپنی ایپل  کی جانب سےسستے ترین آئی فون کو متعارف کرانے کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی، آئی فون ایس ای 4 کو اگلے ہفتے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
 بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے اس سال کا سستا ترین آئی فون فروری کے دوسرے ہفتے میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ایپل کے آئی فون ایس ای 4 کے حوالے سے کافی عرصے سے لیکس اور افواہیں سامنے آرہی ہیں۔ بلومبرگ نے اپنےدعویٰ میں بتایا ہے کہ ایپل کی رپورٹ کے مطابق آئی فون ایس ای 4 کو اگلے ہفتے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔اس حوالے سے واضح رہے کہ ایپل کی جانب سے آئی فون ایس ای 4 کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے آئی فون ایس ای 4 کو متعارف کرانے کے لیے ایونٹ کا انعقاد نہیں کیا جائے گا بلکہ اسے پریس ریلیز کے ذریعے لانچ کر دیا جائے گا۔ مزید  یہ  بھی بتایا گیا کہ آئی فون ایس ای 4 فروری کے آخر تک صارفین کو دستیاب ہوگا۔مختلف لیکس سے عندیہ ملا ہے کہ آئی فون ایس ای 4 کا ڈیزائن اس سیریز کے دیگر فونز کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہوگا۔پہلی بار آئی فون ایس ای سیریز کے کسی فون میں ہوم بٹن کو ہٹا دیا جائے گا اور آئی فون 14 جیسے فل اسکرین ڈیزائن کو اپنایا جائے گا۔فیس آئی ڈی کے لیے فرنٹ کیمرے کو نوچ ڈیزائن میں چھپایا جائے گا۔مختلف افواہوں کے مطابق آئی فون ایس ای 4 میں 6.1 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا جائے گا۔فون کے اندر اے 18 چپ موجود ہوگی جو ایپل کی جانب سے گزشتہ سال کے آئی فون 16 اور 16 پلس میں استعمال کی گئی۔مختلف لیکس کے مطابق آئی فون ایس ای 4 میں بیک پر 48 میگا پکسل کیمرا دیے جانے کا امکان ہے۔اسی طرح فرنٹ پر 24 میگا پکسل کیمرا موجود ہوگا۔پہلی بار آئی فون ایس ای سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی سی پورٹ صارفین کو دستیاب ہوگی جبکہ ایپل کی جانب سے پہلی بار خود تیار کیے گئے موڈیم کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، مگر اس حوالے مصدقہ طور پر کچھ کہنا مشکل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چیمپئن ٹرافی کا اسکواڈ سب کے سامنے، کوئی تبدیل نہیں کر رہے، محمد رضوان 

مزیدخبریں