سانحہ مچھ : کراچی اور لاہور میں دھرنے ، کوئٹہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال

Jan 07, 2021 | 09:56:AM

  (24نیوز) سانحہ مچھ کے ورثا سے اظہار یکجہتی کے لئے لاہور ،کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر قائدکے 19 سے زائد مقامات اور لاہور کے گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں مجلسِ وحدت المسلمین کا سانحۂ مچھ کے خلاف گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا آج بھی جاری ہے، سخت سردی میں مرد، خواتین اور بچے رضائیاں اوڑھے سردی میں سڑکوں پر براجمان ہیں۔مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان کوئٹہ پہنچ کر متاثرین کی داد رسی کریں۔

 دوسری جانب  کراچی کے فائیو اسٹار چورنگی، نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا اور شاہراہ پاکستان پر عائشہ منزل کے قریب بھی احتجاج جاری ہے جس کی وجہ سے ٹریفک معطل کردی گئی ہے اس کے علاوہ  نیورضویہ، صفورا چورنگی، جوہر موڑ، نمائش،کامران چورنگی، پاور ہاؤس چورنگی  اور عباس ٹاؤن پر  بھی احتجاج اور دھرنے جاری ہیں۔

شہر میں ناتھا خان، ملیر 15، نیشنل ہائی وے، سفاری پارک یونیورسٹی روڈ،کورنگی ڈھائی نمبر، مغربی بائی پاس،  ابوالحسن اصفہانی روڈ، سفاری پارک، ناظم آباد ایک نمبر چورنگی، شاہ فیصل کالونی، نیشنل ہائی وے اور ملیر 15 کے مقامات پر بھی احتجاج جاری ہے۔شہر کےمختلف علاقوں میں احتجاج کی وجہ سے کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی معطل ہے اور ٹریفک کو متبادل روٹ سے راستہ فراہم کیا جارہا ہے جس کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے۔

گزشتہ روز بھی شدید ٹریفک جام کی وجہ سے کئی شہری دفاتر نہیں پہنچ سکے اور ائیرپورٹ پہنچنے والوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جس کے سبب کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ادھر کوئٹہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔مرکزی انجمنِ تاجران بلوچستان کی اپیل پر آج شہر بھر میں تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند  ہیں۔

مزیدخبریں