سخت سردی میں ہزارہ برادری کا دھرنا 5ویں روز میں داخل

Jan 07, 2021 | 12:19:PM

Read more!

(24نیوز) سانحہ مچھ کے خلاف کوئٹہ میں ہزارہ برادری کا احتجاجی دھرنا 5ویں روز میں داخل ہوگیا، لواحقین سخت سردی میں  اپنے پیاروں کی میتوں کے ہمراہ ابھی تک دھرنا دئیے بیٹھے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی آمد کے منتظر ہیں۔

سانحہ مچھ کے شہدا کے لواحقین اور ہزارہ برادری  کا سخت سردی میں دھرنے کا آج پانچواں روز ہے ۔دھرنے کےشرکاء نے شہدا کی میتیں مغربی بائی پاس روڈ پر رکھی ہوئی ہیں۔

وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر علی زیدی،معاون خصوصی زلفی بخاری اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری متاثرین کی داد رسی  کیلئے پہنچے لیکن دھرنا ختم کرانے میں ناکام رہے ۔گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی دھرنے پر پہنچے تھے اور شرکاء سے میتوں کی تدفین کی درخواست کی لیکن ان کی کوششیں بھی بارآور ثابت نہ ہوسکیں ۔

حتیٰ کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بھی ہزارہ برادری سے دھرنا ختم کرنے اور اپنے پیاروں کو دفنانے کی اپیل کی ہے۔ لیکن شرکاء  کا اصرار ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ آمد تک ہم  دھرنا  جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ 3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں نامعلوم دہشت گردوں نے کان کنوں کو پہاڑوں پر لے جا کر ان پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 11 کان کن جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔

مزیدخبریں