پارلیمنٹ پر حملہ، وائٹ ہاؤس سے استعفے آنے لگے

Jan 07, 2021 | 15:29:PM
پارلیمنٹ پر حملہ، وائٹ ہاؤس سے استعفے آنے لگے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( 24نیوز) امریکی صدر کے حامیوں کی جانب سے پارلیمنٹ پر حملے اور اس پر ٹرمپ کے رد عمل کے بعد وائٹ ہاؤس سے استعفوں کی لائن لگ گئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کیپٹیل ہل حملے اور اس کے نتیجے میں 4 افراد کی ہلاکت کے بعد امریکی صدر کے نائب قومی سلامتی کے مشیر میٹ پوٹنگر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔میٹ پوٹنگر کے قریبی ساتھیوں نے تصدیق کی کہ انہوں نے کیپیٹل ہل حملوں پر صدر ٹرمپ کے رد عمل کے نتیجے میں استعفیٰ دیا۔

اس کے علاوہ امریکی صدر کی اہلیہ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کی چیف آف سٹاف بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکی ہیں وہ وائٹ ہاؤس کی سابق کمیونیکیشن ڈائریکٹر اور پریس سیکرٹری بھی رہ چکی تھیں۔

کیپیٹل ہل حملوں کے بعد وائٹ ہاؤس کی سوشل سیکرٹری نے بھی فوری طور پر اپنا استعفیٰ جمع کرادیا جس کی وائٹ ہاؤس حکام کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے جبکہ وائٹ ہاؤس کی ایک اور پریس عہدیدار سارا میتھیوس نے بھی بدھ کی رات اپنا استعفیٰ جمع کرایا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کیپیٹل ہل واقعے نے انہیں بری طرح متاثر کیا ہے۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ قومی سلامتی کے مشیر رابٹ او برائن سمیت دیگر اہم قومی سلامتی کے عہدیداران بھی استعفے دینے پر غور کررہے ہیں۔ ٹرمپ کے ڈپٹی چیف آف سٹاف کی جانب سے بھی جلد استعفیٰ دیئے جانے کا امکان ہے۔