تعمیراتی سیکٹر سے معیشت مستحکم ہو رہی ہے،وزیرِ اعظم عمران خان 

Jan 07, 2021 | 20:09:PM

 (24 نیوز)وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تعمیرات سیکٹر سے معیشت مستحکم ہو رہی ہے، روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطا بق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ، قومی رابطہ کمیٹی برائے ہائوسنگ، تعمیرات و ڈیویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس ہوا جس میں چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔گورنر سندھ عمران اسماعیل، مشیر وزیرِ اعلی پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ، چیئرمین راوی اربن ڈویلیپمنٹ اتھارٹی راشد عزیز اور صوبائی چیف سیکریٹریز کی وڈیو لنک کے ذریعے شرکت۔اجلاس میں راوی سٹی کے حوالے سے ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کی منظوری پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ماحولیاتی تحفظ کے پیش نظر منصوبے کے ہر مرحلے میں بوٹینیکل گارڈنز کی تعمیر یقینی بنائی جائے گی. اسکے علاوہ منصوبے کے حوالے سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے بات چیت کا سلسہ جاری ہے جس کے مثبت نتائج جلد متوقع ہیں. مزید یہ کہ منصوبے کیلئے ویسٹ ٹو انرجی ( فضلے سے بجلی) بنانے کیلئے بین الاقوامی کمپنی سے مفاہمتی یادداشت پر جلد دستخط کر دیئے جائیں گے ۔
وزیر عظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہائوسنگ، تعمیرات و ڈیویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس بھی ہو ا جس میں چئیرمین سی ڈی اے نے اجلاس کو سیکٹر ای الیون میں تعمیرات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اس سیکٹر کے منصوبوں کے لیے الگ قوانین بنا لیے گئے ہیں اور زیر التوا منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ یہ بتایا گیا کہ تمام نئی تعمیرات میں پارکنگ اور گزرگاہ کے لیے مناسب فاصلے کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ نیو بلیو ایریا منصوبے کے بارے بھی بریفنگ دی گئی چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے صوبے کے 11 بڑے شہروں کے ماسٹر پلان کے حوالے سے بریف کیا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ قبائلی اضلاع میں 8 مقامات کے لئےماسٹر پلاننگ کا عمل جاری ہے۔ یہ بتایا گیا کہ صوبہ میں شہری ترقی کے منصوبوں کے لیے مالی سال 2020-21 میں 242 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس میں سے دسمبر 2020 تک 61 ارب روپے خرچے جا چکے۔ شہری ترقی کے لیے قانونی اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے تعمیرات منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعظم کی جانب سے عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کے شہری ترقی اور تعمیرات میں ماحولیاتی تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے۔ سبزے کو حتیٰ الامکان بچایا جائے بلکہ اس میں اضافہ کیا جائے۔

مزیدخبریں