رویت حلال کمیٹی کی قیادت نہیں ،معاونت کرنے کے خواہاں ہیں، فواد چودھری

Jan 07, 2021 | 21:30:PM

(24 نیوز) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم رویت حلال کمیٹی کی قیادت نہیں بلکہ اس کی معاونت کرنے کے خواہاں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے نو منتخب چیئرمین رویت حلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر کو سائنسی اعتبار سے چاند کی رویت پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے چیئرمین عبدالخبیر کو چاند کی رویت کے سلسلے میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اس موقع پر کہا کہ ہم رویت حلال کمیٹی کی قیادت نہیں بلکہ اس کی معاونت کرنے کے خواہاں ہیں۔ سائنس کی مدد سے چاند کی رویت کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کیا جاسکتا ہے۔ اس جدید دور میں سائنسی علوم کی مدد سے ہر مسلہ کا حل ممکن ہوچکا ہے۔ سائنس سے استفاذہ کرنے والی اقوام ہی ترقی کی منزلیں طے کرتی چلی جارہی ہیں۔ اسلام اور سائنس متضاد نہیں بلکہ اسلام میں علم کو حاصل اہمیت ہی اسے دوسرے مذاہب سے ممتاز کرتا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں چاند کی رویت کے لئے اوبزرویٹریز بھی قائم کی جارہی ہیں، اوبزرویٹریز کے لئے مقامات کی بھی نشاندہی کی جاچکی ہے۔سی ڈی اے سے اوبزرویٹریز کی منظوری بھی لے لی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ شریعت کی حدود میں رہتے ہوئے سائنسی علوم سے استفاذہ کرینگے۔
مولانا عبدالخبیر مولانا عبدالخبیر نے کمیٹی کے تمام ممبران کو وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کروانے کے ارادہ کا بھی اظہار کیا۔

مزیدخبریں