مری جانے والے سیاحوں کیلئے بری خبر۔۔۔بڑی پابندی لگ گئی

Jan 07, 2022 | 22:05:PM

(24 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے رش کی بدولت سیاحوں کو مری اور گلیات کی طرف جانے سے عاضی طور پرروک دیا ہے۔
مری میں شدید برفباری کے باعث ٹریفک جام ہونے سے درجنوں فیملیاں پھنس گئیں،وزیر داخلہ شیخ رشید نے مری اور گلیات جانے والے سیاحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ برفباری کی وجہ سے مری اور گلیات میں بے پناہ رش ہے، ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں مری اور گلیات کی طرف جا چکی ہیں ، اسلام آباد اور مری انتظامیہ 24 گھنٹے سرگرم عمل ہیں ،بڑھتے رش کی وجہ سے مری کی جانب ٹریفک کی روانی سست ہے، اپیل ہے مری اور گلیات کی طرف سفر سے فی الحال گریز کریں ۔شیخ رشید نے کہاکہ مری جانے والے تمام راستے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے،راستے بند کرنے کا فیصلہ مری میں رش کے باعث کیا گیا، سیاحوں کو مری سے واپسی کے راستے سے لایا جائے گا۔
ادھرنیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے سیکٹر کمانڈر سجاد حسین نے کہاکہ مسلسل برفباری اور پھسلن کے باعث سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔سیکٹر کمانڈرسجاد حسین نے کہا کہ سیاحوں اور مقامی افراد کی 27000 گاڑیاں مری داخل ہو ئیں ۔روڈ پر برف جم جانے اور پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثرہوئی،سیاح احتیاط کریں ۔ انہوںنے کہاکہ مسلسل برف باری اور گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کے باعث روڈ سے برف ہٹانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں ،نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہے۔سیکٹر کمانڈر سجاد حسین نے کہا کہ مری آنے والے سیاح برفباری اورپھسلن کے باعث ٹائر پر چین کا استعمال کریں،مری آنے سے پہلے گاڑی کا ٹینک فل کروالیں ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ ہائی وے کے ساتھ مل کر روڈ پر نمک پاشی کی جارہی ہے ،موٹروے پولیس سٹاف تمام ٹول پلازہ جات اور سڑک پر جگہ جگہ روڈ یوزرز کو بریف کر رہے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں: لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والے معروف سٹیج اداکار انتقال کر گئے
جبکہ ایبٹ آباد سے مری کو ملانے والی مرکزی شاہراہ کنڈلہ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہو گئی۔ترجمان گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے)احسن حمید کے مطابق گلیات میں سیاحوں کی کثیر تعداد موجود ہے اور سیاحوں سے گزارش ہے کہ وہ مزید سفر نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ گلیات میں موجود سیاح حفاطتی تدابیر اختیار کریں جبکہ سڑک کنارے غلط پارکنگ روڈ کلیئرنس میں بڑی وجہ ہے اور شدید برفباری کے باعث روڈ کو فوری طور پر صاف کرنا ممکن نہیں ہے۔ترجمان جی ڈی اے نے کہا کہ سیاح توحید آباد اور ڈونگا گلی کے درمیان سفر سے اجتناب کریں۔دوسری جانب مری میں تیز برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور سیاحوں کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق صبح سے اب تک17 ہزار کے قریب گاڑیاں مری میں داخل ہو چکی ہیں اور برفباری کے دوران پھسلن کے باعث ٹریفک آہستہ چل رہی ہے جبکہ ٹریفک اہلکار ہائی وے مشینری کے ساتھ برف ہٹانے میں مصروف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ”جہاز تو کسی طرف بھی جا سکتا ہے“جہانگیرترین کے بیان پر شاہ محمود قریشی کا دھواں دار بیان

مزیدخبریں