کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے سے 13 افراد جاں بحق

Jan 07, 2025 | 20:58:PM
کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے سے 13 افراد جاں بحق
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کے سبب گذشتہ ڈیڑھ ماہ میں ٹھنڈ لگنے سے 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔

چھیپا فاؤنڈیشن کے ترجمان چوہدری شاہد حسین نے بتایا کہ دسمبر 2024 سے لے کر تاحال شہر قائد میں نشے کی زیادتی کے سبب 43 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 42 مرد اور 1 خاتون شامل ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ان جاں بحق افراد میں 13 سے زائد افراد ایسے ہیں جو ممکنہ طور پر ٹھنڈ لگنے کے سبب جاں بحق ہوئے ہیں۔

یہ افراد نشے کے عادی تھے اور سردی سے بچاؤ کے لیے ان کے پاس کوئی لحاف، گدا، کمبل یا بستر نہیں تھا۔

یہ افراد ٹھنڈ سے بچنے کے لیے مقدار سے زیادہ نشہ کرتے ہیں اور اس لیے کسی پل، فٹ پاتھ یا محفوظ مقام پر جاکر سونے کی کوشش کرتے ہیں۔ 

چونکہ ان کے پاس گرم کپڑے یا بستر نہیں ہوتے اور  نشہ کرنے کے باوجود انہیں سردی زیادہ لگتی ہے اور سردی کے ساتھ نشے کی زیادتی ان افراد کی موت کا سبب بن جاتی ہے۔

ترجمان چھیپا نے مزید کہا کہ سردی کے موسم میں شہر کے فٹ پاتھوں پر لاوارث اور ناقابل شناخت لاشیں ملتی ہیں، جن کی تدفین ادارہ اپنے وسائل سے کرتا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ کراچی میں سردی زیادہ پڑ رہی ہے اور سیکڑوں بے گھر افراد فٹ پاتھوں، کھلے مقامات اور پلوں کے نیچے رات کو سوتے ہیں، جن میں اکثریت کے پاس گرم کپڑے، بستر یا کمبل نہیں ہوتے۔

چوہدری شاہد حسین نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ بے گھر افراد کو سردی سے بچانے کے لیے بستر، کمبل اور لحاف عطیہ کریں، تاکہ چھیپا فاؤنڈیشن ان افراد کو سردی سے محفوظ بنا سکے اور اس مقصد کے لیے مزید وسائل کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: جرائم کا ذمہ دار کون؟ سابق وزیر داخلہ اور موجودہ وزیر اعلیٰ کے متضاد دعوے