(ویب رپورٹ) بھارتی فلموں کے معروف اداکار و شہنشاہ جذبات دلیپ کمار آج صبح ممبئی میں انتقال کر گئے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکار دلیپ کمار ممبئی کے ہندوجا ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ دلیپ کمار 98 بر س کے تھے ۔ دلیپ کمار ایک طویل عرضہ سے بیمار تھے اور دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو ہمیشہ دعاؤں کی اپیل کرتی رہتی تھی۔ تاہم آج دلیپ کمار نے صبح 7 بج کر 30منٹ پر آخری سانس لی۔ انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کے دوران متعدد فلموں میں لازوال کردار ادا کئے۔ دلیپ کمار 11 دسمبر 1922 کو پشاور میں پیدا ہوئے تھے ۔ ان کا اصل نام محمد یوسف خان تھا۔
دلیپ کمار کو سانس لینے میں دشواری کے سبب 29 جون کو ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ صحت کی خرابی کی وجہ سے انہیں آئی سی یو وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی وفات کے بعد نہ صرف بالی ووڈ بلکہ ان کے مداحوں میں بھی غم کی لہر دیکھی جارہی ہے۔دلیپ کمار کے ڈاکٹر جلیل پارکر نے ان کی موت کی خبر کی تصدیق کردی ہے۔ دلیپ کمار کو آج ممبئی کے سنٹا کروز قبرستان میں دفنایا جائے گا۔ بھارتی سنیما میں بہترین اور منفرد اداکاری کا سہرا انہیں جاتا ہے۔انہوں نے لمبے عرصے تک اداکاری کے میدان میں بہترین خدمات انجام دیں۔ دلیپ کمار نے اپنی اداکاری کا آغاز 1944 میں فلم ’جوار بھاٹا‘ سے کیا تھا۔ تقریبا پانچ دہائیوں پر محیط اداکاری کے کیریئر میں انہوں نے دیوداس ، نیا دور ، مغل اعظم ، گنگا جمنا ، کرانتی اور کرما سمیت 65 سے زائد فلموں میں اداکاری کی ہے۔ دلیپ کمار کو آخری بار 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم قلعہ میں دیکھا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے