(ویب رپورٹ)مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر میں شراب کی دکانیں کھولنے کے خلاف مقامی لوگوں کا سخت احتجاج ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کےمطابق سری نگر کے علاقے سونہ واری اور ڈل گیٹ علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے پریس کالونی میں جمع ہو کر شراب دکانیں کھولے جانے کے خلاف سخت احتجاج کیا۔احتجاجی نوجوانوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا کہ’ ہم غیر مقامی لوگوں کو یہاں کا امن خراب نہیں کرنے دیں گے’، ’شراب دکانوں کو بند کرو‘ وغیرہ جیسے نعرے درج تھے۔اس موقع پر ایک مقامی شہری شبیر احمد شیخ نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ہر جگہ شراب کی دکان کھل رہی ہیں جس سے یہاں کے نوجوان خراب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں جتنی بھی شراب کی دکانیں کھولی گئی ہیں وہ سب بند ہونی چاہئں۔ان کا کہنا تھا کہ شراب کی دکانیں کھلنے سے یہاں کا ماحول خراب ہوگا اور یہاں کی خواتین گھروں سے باہر نہیں نکل سکیں گی۔ایک اور احتجاجی کا کہنا تھا کہ ہمارے علاقے میں پہلے ہی شراب کی ایک دکان تھی اس کو بند کرنے کے بجائے دوسری کھولی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس ایک طرف تو روز منشیات فروشوں کو گرفتار کر رہی ہے تو دوسری طرف یہاں شراب کی نئی دکانیں کھولی جا رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم شراب کی دکانیں کھولنے کےخلاف احتجاج کرتے رہیں گے اور منشیات کا عام ہونا بھی یہاں خود کشیوں کی ایک وجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شہنشاہ جذبات اداکار دلیپ کمار آج صبح اتنقال کر گئے